سرینگر// انجمن علماء و ائمہ مساجد جنوبی کشمیر کے زیر اہتمام اتوار کوسلسلہ وار اصلاحی پروگراموں کے تحت کرالہ کنڈ کی جامع مسجدمیںنماز ظہر تا نماز عصر عظمت قرآن کانفرنس زیر صدارت انجمن کے امیر اور دار العلوم سید المرسلین ؐ چوگام کے مہتمم حافظ عبدالرحمان اشرفی منعقد ہوئی ۔ جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقعے پر اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے مدارس کو مستحکم اور مضبوط بنانے بستی بستی ، گائوں گائوں صباحی درسگاہیں اور دینی مکاتب جو انجمن سے منسلک ہیں وہ مزید فعال اور مضبوط بنانے اور قرآن پاک کو مکمل تجوید کے ساتھ پڑھانے کا اہتمام کرنے پرزور دیا اور امت المسلمین سے گذارش کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ان مکاتب میں داخلہ کرائیں تاکہ اپنی اور ان کی آخرت بنانے میں ذمہ داری نبھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ انجمن مزید درسگاہیں قائم کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گا۔ کانفرنس میں مفتی شیراز احمد قاسمی ، مفتی اعجاز احمدندوی ،مفتی بلال احمد اور مولوی طارق احمد نے بھی خطاب کیا ۔ان کے علاوہ دیگر علمائے کرام نے عظمت قرآن پر روشنی ڈالی ۔