سرینگر//بھارت کی سب سے بڑی مواصلاتی کمپنی بھارتی ائر ٹیل ملک کی شمالی سرحد پرلداخ خطے میں 4جی خدمات شروع کرنے والی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔ابتدائی مرحلے میں لیہہ ، کرگل اور دراس سمیت خطے کے130قصبہ جات اور دیہات کے صارفین تیز رفتار اور سستی انٹرنیٹ سہولیات سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ ائر ٹیل کے نیٹ ورک کی تبدیلی سے متعلق پروجیکٹ لِیپ کے تحت خطے میں فور جی خدمات کی شروعات کمپنی کے نیٹ ورک نصب کرنے کی صلاحیت کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔خطے میں اپنی نوعیت کا منفرد 4G نیٹ ورک نصب کرنے کیلئے ائر ٹیل نیٹ ورک ٹیم اور دیگر حصہ داروں نے منفی درجہ حرارت سمیت انتہائی سخت جغرافیائی اور موسمی حالات کا مقابلہ کیا۔واضح رہے کہ لداخ کے گیٹ وے کے نام سے مشہور کرگل ضلع میں واقع دراس کا علاقہ ملک کا سرد ترین اور دنیا بھر میں دوسرا سرد ترین مقام ہے۔ائر ٹیل فور جی سروس مقامی لوگوں کو بااختیار بنائے گی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ سیلانی بھی خطے میں قیام کے دوران تیز رفتار ڈیٹا خدمات سے جڑے رہیں گے۔ائر ٹیل کی طرف سے فور جی نیٹ ورک کے ساتھ جوڑے گئے مقامات میں کرگل وار میموریل، سنگم میگنیٹک ہل، شانتی ستوپا، لیہہ پیلس، تھکسے مونسٹری،الچی مونسٹری،لامایورومونسٹری، مون لینڈ لامایورو، پنگونگ جھیل کی طرف سکتی، سٹوک پیلس اور ہال آف فیم جیسے مقبول مقامات شامل ہیں۔ اس موقعے پر بھارتی ائر ٹیل کے چیف آپریٹنگ آفیسر(بھارت و جنوبی ایشیاء) اجے پوری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’یہ بھارت اور ائر ٹیل کیلئے ایک بہت بڑا سنگ میل ہے،ملک میں فور جی شروعات متعارف کرانے کے بعد ائر ٹیل کی یہ کوشش رہی ہے کہ اس کادائرہ ملک کے کونے کونے تک پھیلا کر سرکار کے ڈیجیٹل انڈیا کے نظریہ کو تقویت پہنچائی جائے، پروجیکٹ لِیپ کے تحت ہم ورلڈ کلاس فیوچر ریڈی نیٹ ورک نصب کرنے کی طرف سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری رکھیں گے ‘‘۔ بھارتی ائر ٹیل جموں کشمیر کے سی او او رویندرا ڈیسائی نے کہا’’ہمیں جموں کشمیر کے لداخ خطے میں فور جی سہولیات شروع کرنے پر خوشی محسوس ہورہی ہے، ہم صارفین کودعوت دیتے ہیں کہ وہ ائر ٹیل فور جی سم کارڈ مفت حاصل کریں اورتیز رفتار ڈیٹا کا مزہ لیں،صارفین ڈیٹا اور لا محدود کالنگ سمیت اپنی پسند کاسستا پلان منتخب کرسکتے ہیں‘‘۔ائر ٹیل کے پروجیکٹ لیِپ کے تحت 4Gکے نقوش اب ملک کے شمال میں لداخ سے لیکر جنوب میں کنیا کماری اور مشرق میں تاونگ سے لیکر مغرب میںکچھ تک پھیلا ہوا ہے۔اس پروجیکٹ کے تحت ائر ٹیل نے 60,000کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعادہ کیا ہے۔کمپنی نے بھارت میں سب سے پہلے سال2012میںکولکتہ میں فو جی خدمات کا آغاز کیا تھا۔