عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف (جی او سی-) لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے منگل کے روز لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور انہیں آپریشن مہادیو کے بارے میں بریفنگ دی۔ ان کے ساتھ لیفٹیننٹ جنرل پرشانت سریواستو، جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی)15 کور بھی تھے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کامیاب آپریشن مہادیو کے لیے فوج، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس کو مبارکباد دی۔ چیلنجنگ داچھی گام جنگل میں انجام پانے والی اس اہم کارروائی کے نتیجے میں پہلگام کے گھنائونے حملے کے ذمہ دار تین پاکستانی ملی ٹینٹوں کا خاتمہ ہوا۔جی او سی شمالی کمان نے بتایا کہ جنوبی کشمیر سے لے کر اچھی گام کے جنگلاتی علاقوں میں پچھلے کچھ مہینوں سے تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس علاقے میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی مسلسل اطلاعات تھیں۔ حال ہی میں، مخصوص انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر، خصوصی ٹیمیں فعال کی گئیں۔ اس کے بعد فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے خفیہ ایجنسیوں کی اہم مدد سے ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا، جس کے نتیجے میں پاکستانی ملی ٹینٹوں کا خاتمہ ہوا۔