عظمیٰ نیوز سروس
ادھم پور//وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ آپریشن سندور اس بات کا ثبوت ہے کہ نیا ہندوستان ثابت قدم، پرعزم ہے اور اب دہشت گردی کا شکار نہیں ہوگا۔سنگھ، جو جمعہ کو دو روزہ دورے پر یہاں پہنچے ، ہفتہ کو بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات میں شرکت کریں گے، اور اودھم پور چھانی میں مسلح افواج کے اہلکاروں سے بات چیت کریں گے۔سنگھ نے شمالی کمان کے ہیڈکوارٹر میں فوجیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا، “آپریشن سندور اس بات کا ثبوت ہے کہ نیا ہندوستان ثابت قدم، پرعزم ہے اور اب وہ دہشت گردی کا شکار نہیں رہے گا۔ یہ طاقت اور حکمت عملی کے ساتھ جواب دے گا۔”انہوں نے مزید کہا کہ “بھارت دہشت گردی کو مزید برداشت نہیں کرے گا اور اگر اس کے اتحاد اور سالمیت کو نقصان پہنچا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا’’ آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا ہے، یہ صرف ایک وقفہ ہے، میں یہ اپنے پڑوسی ملک کو بتانا چاہتا ہوں،” ۔دہشت گردی کے تئیں ہندوستان کی پالیسی میں تبدیلی ملک کے فوجیوں کی بے مثال بہادری اور لگن کا نتیجہ ہے، وزیر دفاع نے کہا، جس کے ساتھ چیف آف آرمی سٹاف، جنرل اوپیندر دویدی، جی او سی ان چیف، شمالی کمان، لیفٹیننٹ جنرل پرتک شرما، اور اعلی فوجی افسران تھے۔سنگھ نے پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے میں مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی درستگی، تال میل اور ہمت کی بھی تعریف کی، اور زور دے کر کہا کہ دہشت گردی کے تئیں ہندوستان کی پالیسی میں تبدیلی ان کی بے مثال بہادری اور لگن کا نتیجہ ہے۔ سنگھ نے آپریشن سندور کو صرف ایک فوجی کارروائی نہیں بلکہ سرحد پار دہشت گردوں اور ان کی حمایت کرنے والوں کے لیے ایک انتباہ قرار دیا۔بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقع پر مسلح افواج کے زیر اہتمام ایک اجتماعی دعوت – ‘بارخانہ’ میں، وزیر دفاع نے فورس کے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ ایک فوجی کی زندگی میں طاقت اور تندرستی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، جسمانی اور ذہنی تندرستی پر توجہ مرکوز رکھیں۔سنگھ نے کہا کہ اگر آپ مضبوط ہیں تو ہماری سرحدیں مضبوط ہوں گی۔ جب سرحدیں مضبوط ہوں گی تو ہندوستان مضبوط ہو گا۔