عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// حکام نے کہا کہ وادی کوجمعہ کو شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن سے اپنا پہلا آٹوموبائل ریک موصول ہوا، جس نے مینوفیکچرنگ پلانٹس سے براہ راست وادی میں نئی گاڑیاں لائیں۔عہدیداروں نے مزید کہا کہ ماروتی سوزوکی کے مانیسر پلانٹ میں تیار کردہ 116 گاڑیوں کو لے کر ٹرین جمعہ کی صبح جنوبی کشمیر کے اننت ناگ گڈز شیڈ میں پہنچی۔آٹوموبائل کیریئر کی آمد کشمیر میں آٹوموبائل کی نقل و حمل میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ریل خدمات کی عدم موجودگی میں نئی گاڑیوں کو زیادہ تر جموں سے وادی میں سیلز ڈیلرشپ تک لے جانا پڑا۔ جموں سے نئی گاڑیوں کی آمدورفت کو تقریباً 300 کلومیٹر قومی شاہراہ پر اکثر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، خاص طور پر سردیوں کے موسم میں جب سڑک خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے اکثر بند رہتی ہے۔ماروتی سوزوکی انڈیا کے ترجمان نے کہا کہ ٹرین کے ذریعے وادی کشمیر میں گاڑیوں کی پہلی کھیپ بھیجنے کے ساتھ ہی، کمپنی ہندوستان کی پہلی آٹوموبائل بنانے والی کمپنی بن گئی ہے جس نے علاقے میں گاڑیاں بھیجنے کے لیے ہندوستانی ریلوے کی خدمات کا استعمال کیا ہے۔ترجمان نے کہا”پہلی ٹرین جس میں 100 سے زیادہ ماروتی سوزوکی گاڑیاں بریزا، ڈیزائر، ویگن آر اور ایس پریسو سمیت دیگر شامل ہیں، کمپنی کے حال ہی میں افتتاح شدہ مانیسر ان پلانٹ ریلوے سائڈنگ سے روانہ ہوئی،” ۔وزیر ریلوے نے کہا”حالیہ دنوں میں، جموں اور کشمیر ریل لنک کا استعمال کرتے ہوئے وادی سے سیب منتقل کیے گئے ہیں۔ اب، ماروتی سوزوکی کاریں ریل کے ذریعے وادی کشمیر تک پہنچائی جائیں گی۔ جموں سری نگر ریلوے لائن جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے گیم چینجر ہے،” ۔