سرینگر//آنچار صورہ میں آگ کی ایک بھیانک واردات کے دوران 3رہائشی مکانات اور ان میں موجود ہر قسم کا سازوسامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔جمعہ کی صبح آنچار اُس وقت افراتفری پھیل گئی جب ایک رہائشی ڈھانچے کی دوسری منزل سے اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے۔عینی شاہدین کے مطابق آگ پھیلنے میں زیادہ دیر نہیں لگی اور خوفناک شعلوں نے آناً فاناً مزیدکئی مکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اس دوران لوگ جائے واردات کی طرف دوڑ پڑے جہاں پہلے سے پولیس کے ساتھ ساتھ لوگوں کی ایک بڑی تعداد آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہی تھی۔اسی اثناءمیں فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز کی گاڑیاں اور اہلکار بھی وہاں نمودار ہوئے اور آگ بجھانے کی کارروائی میں جٹ گئے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ آگ کے شعلے اس قدر تیزی کے ساتھ پھیل گئے کہ دیکھتے ہی دیکھتے 3رہائشی مکانات ان میں موجود سامان سمیت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئے جبکہ کئی دیگر مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔فائر سروس اہلکار کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے۔ اس واردات میں مجموعی طور لاکھوں روپے مالیت کی جائیداد تلف ہوگئی۔آگ لگنے کی وجہ بجلی شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس بارے میں تحقیقات کی جارہی ہے اور معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا گیا ہے۔(کے ایم این)