سرینگر//حریت(ع)،لبریشن فرنٹ، نیشنل فرنٹ،دختران ملت،جمعیت اہلحدیث ،تحریک مزاحمت،سالویشن مومنٹ ،مسلم کانفرنس ،محاذ آزادی،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس ،ینگ مینز لیگ ، تحریک استقامت، ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹ، پیروان ولایت اور ووئس آف وکٹمز نے صورہ آنچار میں فورسز کی پُر تشدد کارروائیوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت وقت نے فورسز کو کشمیریوں کو تہہ تیغ کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جو انتہائی تشویشناک معاملہ ہے۔حریت(ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کریک ڈاﺅن کے دوران لوگوں کے ساتھ سرکاری فورسز کے سلوک اور پُر تشدد کارروائیو ںسے درجنوں افراد کو شدید زخمی کر دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فورسز کی ان کارروائیوں کی مذمت کی ہے ۔حریت چیئرمین نے کہا کہ رواں جدوجہد آزادی ایک عوامی تحریک ہے اور اسے حکومت طاقت اور تشدد سے دبانے کیلئے تمام انسانی اور اخلاقی قدروںکو پامال کرکے عوام پر جبر و استبداد کے نئے نئے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے ۔ میرواعظ نے زخمیوں کی فوری شفایابی کیلئے خصوصی دعا کی۔ لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ روز روہمو پلوامہ اوربدھ کو آنچار صورہ اور ہائیگام پلوامہ میںجبر و تشددکے نئے ریکارڈ قائم کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ آنچارصورہ میں دو معصوم آخری اطلاعات ملنے تک موت و حیات کی کشمکش میں ہیں ۔یاسین ملک نے کہا کہ نہ جانے خون کے خوگر بھارتی فورسزاور پولیس کی پیاس کب بجھے گی اور کب کشمیری معصومین کے لہو کی ہولی کھیلنے کا عمل رک جائے گا۔نیشنل فرنٹ چیئرمین نعیم احمد خان نے مذمت کرتے ہوئے بین الاقوامی سرحد اور کنٹرول لائن پر عام شہریوں کی ہلاکتوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت ان ہلاکتوں پر واقعی دکھی ہے تو اسے تنازعہ کشمیر حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔دختران ملت کی جنرل سیکرٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ آنچار میں طاقت کا بے تحاشا استعمال کیا گیا،جو ظلم و تشددکی بہت بڑی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ مزاحمتی تحریک کو دبانے کیلئے کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کشمیریوںکے عزم کو توڑنے کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔جمعیت اہلحدیث ،تحریک مزاحمت کے بلال صدیقی،سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ، مسلم کانفرنس چیئرمین شبیر احمد ڈار، محاذ آزادی کے صدر محمد اقبال میر،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس چیئرمین محمد احسن اونتو،ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی ، تحریک استقامت کے غلام نبی وار ،ڈیموکریٹک پولیٹکل مومنٹکے جنرل سیکریٹری فردوس وانی ، پیروان ولایت سرباراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی اور ووئس آف وکٹمزکے کارڈی نیٹر رﺅف احمد خان نے کہا ہے کہ آنچار میں فورسز اور پولیس کی طرف سے نہتے عوام پر طاقت کا بے تحاشہ استعمال کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے سرکاری دہشت گردی سے تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے پولیس اور فورسز کی طرف سے عورتوںِبچوں اورجوانوں پرٹیئر گیس شیلنگ اور پیلٹ فائرنگ کا استعمال کرنے کے دوران درجنوں افراد کو زخمی کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔