عظمیٰ نیوز سروس
حیدرآباد//آندھرا پردیش میں خواتین کے لئے آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت کے آغاز کے بعد ریاست بھر میں خواتین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ روزانہ کی آمدورفت میں سہولت کے سبب خواتین نے اس اسکیم کو باعثِ راحت و سکون قرار دیا ہے ۔ اس سے قبل ایسی ہی سہولت پڑوسی ریاست تلنگانہ میں شروع کی گئی تھی جسے زبردست پذیرائی ملی اور اب آندھرا پردیش کی حکومت نے بھی اسی طرز پر خواتین کے لئے بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی ہے ۔اس اسکیم کے تحت ریاست کی تمام خواتین، طالبات اور بزرگ خواتین آر ٹی سی بسوں میں بغیر کسی کرایہ کے سفر کررہی ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام خواتین کی معاشی خود مختاری، تعلیم، صحت اور ملازمت کے مواقع تک ان کی رسائی کو آسان بنانے کے لئے اٹھایا گیا ہے ۔ توقع ہے کہ روزانہ لاکھوں خواتین اس سہولت سے استفادہ کریں گی جس سے گھریلو اخراجات میں کمی کے ساتھ ان کے وقت اور توانائی کی بھی بچت ہوگی۔ خواتین نے کہا کہ وہ پہلے کرایہ کی وجہ سے کئی بار سفر کرنے سے گریز کرتی تھیں یا ان پر مالی بوجھ بڑھ جاتا تھا، مگر اب یہ سہولت ان کے لئے بہت مددگار ثابت ہوگی۔ بس اسٹینڈز اور شہروں میں جگہ جگہ خواتین کی جانب سے حکومت کے اس اسکیم کا خیرمقدم کیا گیا۔ماہرین کے مطابق یہ اسکیم نہ صرف خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں ان کی شرکت میں اضافہ کرے گی۔ ساتھ ہی ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے لئے بھی یہ ایک بڑا قدم ہے جو اپنی عوامی خدمت کے کردار کو مزید مستحکم کر رہا ہے ۔