کراچی// حال ہی میں بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہنے والے پاکستان کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی کو بلائنڈ ون ڈے ورلڈ کپ کے پانچویں ایڈیشن کے لیے برانڈ ایمبیسیڈر بنایا گیا ہے ۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی ) کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا، "آفریدی اپنے جارحانہ کھیل کی بدولت نہ صرف دنیا بھر میں کرکٹ شائقین کے درمیان مقبول ہیں بلکہ سماجی کاموں میں بھی ان کی کافی دلچسپی رہی ہے ۔ آفریدی کے وابستہ ہونے سے یقینی طور پر بلائنڈ کرکٹ کو زبردست فروغ ملے گا۔ "پی بی سی سی نے ایک بیان میں بتایا کہ بلائنڈ عالمی کپ کے پانچویں ایڈیشن کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے اور اگلے سال جنوری میں ہونے والے اس اہم ٹورنامنٹ کے میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے ۔اس بات کی بھی قیاس لگائی جارہی ہے کہ پاکستان عالمی کپ کے کچھ پول میچوں کے علاوہ فائنل کو پاکستان کی سرزمین پر منعقد کرانے کی کوشش میں مصروف ہے ۔ عالمی بلائنڈ کرکٹ کے نو رکن ممالک میں سے چار نے پاکستان میں کھیلنے پر اپنی رضامندی ظاہر کی ۔قابل ذکر ہے کہ 37 سالہ آل راؤنڈر آفریدی نے اپنے 21 سالہ بین الاقوامی کیریئر کو گزشتہ ماہ خیرباد کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے 2010 میں ٹیسٹ اور 2015 میں ون ڈے سے ریٹائرمنٹ لے لیا تھا۔ انہوں نے کیریئر میں 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے اور 98 ٹوئنٹی -20 میچ کھیلے ہیں۔یواین آئی۔