نئی دلی// نیشنل کانفرنس کے ترجمانِ اعلیٰ اور ممبر اسمبلی بڈگام آغا سید روح اللہ نے نئی دلی میں مرکز ی وزیر برائے سڑک و ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے ملاقات کی اور انہیں ہمہامہ بڈگام روڑ کی فورلینگ کا تفصیلی پروجیکٹ کا منصوبہ پیش کیا۔ آغا روح اللہ نے مرکزی وزیر پر اس سڑک پروجیکٹ پر فوری طور کام شروع کرنے پر زور دیا اور کہا کہ اس چار گلیاروں والی سڑک کی تعمیر سے بڈگام تک رسائی آسان بنائی جاسکتی ہے جس نے نہ صرف ضلع میں تجارت کو بلکہ سیاحتی شعبے کو بھی فروغ ملے گا ۔ انہوں نے کہاکہ اس عمل سے ضلع کے بے روزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی نکل آئیں گے۔ آغا روح اللہ نے کہا کہ بڈگام ایک وسیع ضلع ہے اور اس میں سیاحتی شعبے کیلئے بہت گنجائش موجودہ ہے، ہمہامہ سے بڈگام تک بہتر سڑک رابطہ ضلع کے لوگوں کی اقتصادی ترقی کا باعث بن سکتا ہے۔ مرکزی وزیر نے آغا سید روح اللہ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ مذکورہ پروجیکٹ سنٹرل روڑ فنڈس(CRF)کے تحت جلد سے جلد در دست لیا جائے گا۔