سرینگر// دختران ملت نے تمام لوگوں اور وادی کے تمام ائمہ سے اپیل کی ہے کہ وہ تراویح اور نماز جمعہ کے خطبے پر کشمیری اسیران کے لئے خصوصی دعاﺅں کا اہتمام کرے جن میں دختران ملت کی سربراہ سید آسیہ اندرابی اور انکی سیکریٹری صوفی فہمیدہ بھی شامل ہے۔ دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہدہ نصرین نے کہا کہ جموں جیل میں آسیہ اندرابی اور صوفی فہمیدہ کی حالت دن بہ دن خراب ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کی گرمی کشمیری لوگوں کے برداشت کے باہر ہوتی ہے اور عام کشمیری 40ڈگری گرمی برداشت نہیں کرسکتا ہے اور اسی وجہ سے صوفی فہمیدہ اور آسیہ اندرابی کی حالت خراب ہوگئی ہے۔ نصرین نے کہا کہ گرمی کی وجہ سے آسیہ اندرابی چھاتی کے مرض میں پھر مبتلا ہوگئی ہے جبکہ صوفی فہمیدہ کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی سہولیات کی عدم دستیابی اور خوارک کی کمی کی وجہ سے فہمیدہ اور آسیہ اندرابی کی حالت خراب ہوگئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ خون کی سازش تھی کہ حکومت کی طرف سے آسیہ اندرابی اور صوفی فہمیدہ کو جموں منتقل کیا تاکہ انکی صحت بگڑ جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں نے انہیں لائف سپورٹ کی ہدایت دی ہے مگر انہیں اسپتال میں داخل کرنے نہیں دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ تراویح کے دوران آسیہ اندرابی اور صوفی فہمیدہ سمیت تمام دیگر آسیران کیلئے خصوصی دعائی مجالس کا اہتمام کرے