نئی دہلی// آسٹریلوی ٹیم کو زخمی کھلاڑیوں کی طویل فہرست سے گزرنا پڑ رہا ہے اور مشیل مارش کے بعد اب اس کے تیز گیند باز مشیل اسٹارک بھی چوٹ کی وجہ سے ہندستان کے خلاف باقی ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔اسٹارک اپنے دائیں پیر میں کھنچاؤکی وجہ سے اب باقی دو ٹسٹ میچوں میں نہیں کھیل سکیں گے اور جلد وطن لوٹیں گے ۔ ان سے پہلے مشیل مارش بھی کندھے کی چوٹ کی وجہ سے باقی سیریز سے باہر ہو گئے تھے ۔آسٹریلوی ٹیم کے فیزیو ڈیوڈ بیکلے نے جمعہ کو اس کی تصدیق کی۔بیکلے نے کہاکہ اسٹارک کو دوسرے ٹسٹ کے دوران دائیں پاؤں میں چوٹ لگ گئی تھی جس کا ہم نے آج صبح اسکین کرایا اور بدقسمتی سے ان کے پاؤں میں چوٹ کا پتہ چلا ہے ۔اس کے بعد اب وہ سیریز کے باقی دو میچوں کے لیے دستیاب نہیں رہیں گے اور وہ واپس وطن جائیں گے ۔فی الحال ا سٹارک کے متبادل کا اعلان نہیں ہوا ہے ۔کرکٹ آسٹریلیا (سی اے ) نے اگرچہ اسٹارک کی جگہ ابھی تک کسی بھی متبادل کھلاڑی کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے ۔لیکن تسمانیہ کے تیز گیند باز جیکسن برڈ کو دورے کے لئے ریزرو کھلاڑی کے طور پر رکھا گیا ہے اور شاید انہیں ہی موقع دیا جا سکتا ہے ۔27 سالہ اسٹارک نے سیریز میں اب تک گیند کے علاوہ بلے سے بھی کمال کیا ہے ۔پنے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 61 رنز بنانے کے بعد انہوں نے اپنے اوور کی مسلسل دو گیندوں پر چتیشور پجارا اور ہندستانی کپتان وراٹ کو آؤٹ کیا تھا۔اسٹارک پہلے دو میچوں میں 118 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ پانچ وکٹ بھی لے چکے ہیں۔آسٹریلیا کے لئے اب تک 36 ٹیسٹ، 65 ون ڈے اور 22 ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیل چکے اسٹارک اس سے پہلے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوئی سیریز اور گزشتہ سال ہندستان کی میزبانی میں ہوئی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی پاؤں کی چوٹ کی وجہ سے باہر ہو گئے تھے ۔