آکلینڈ/ لیفٹ آرم اسپنر ایشٹن ایلگر کی قیادت میں گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی اور سلامی بلے باز ڈی آرسی شارٹ (50) کی بہترین نصف سنچری سے آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو بدھ کو بارش سے متاثرہ مقابلے میں ڈک ورتھ لوئیس ضابطے کے تحت 19 رن سے شکست دے کر سہ رخی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کا خطاب جیت لیا۔ آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ میں ناقابل تسخیر رہتے ہوئے خطاب اپنے نام کیا۔ اس نے فائنل سے پہلے اپنے سبھی چاروں لیگ میچ جیتے تھے ۔ نیوزی لینڈ نے 20 اوور میں نو وکٹ پر 150 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔ آسٹریلیا کی اننگز میں بارش سے دو مرتبہ خلل پڑا۔پہلی مرتبہ آسٹریلیا کا اسکور چھ اوور میں 55 رن تھا اور دوسری مرتبہ اس کا اسکور 14.4 اوور میں تین وکٹ پر 121 رنز تھا۔ اس کے بعد پھر کھیل ممکن نہیں ہو سکا اور آسٹریلیا ڈک ورتھ لوئیس ضابطے کے تحت فاتح بن گیا۔ ایلگر کو پلیئر آف دی میچ اور گلین میکسویل کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔ آسٹریلیا نے چھوٹے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے چھ اوور کے پاور پلے میں 55 رن بنائے ۔شارٹ نے کیوی بلے بازوں کی جم کر پٹائی کی۔ ڈیوڈ وارنر اور شارٹ نے پہلے وکٹ کے لئے آٹھ اوور میں 72 رن کی شراکت کی۔ شارٹ نے محض 30 گیندوں میں چھ چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے 50 رن بنائے ۔ شارٹ کا وکٹ آٹھویں اوور کی آخری گیند پر گرا۔ کپتان وارنر بھی چھ رنز بعد پویلین لوٹ گئے ۔وارنر نے 23 گیندوں پر 25 رن میں دو چوکے لگائے ۔ ایگر دو رن بنا کر ٹیم کے 84 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئے ۔ اس وقت لگا کہ نیوزی لینڈ نے واپسی کر لی ہے لیکن میکسویل نے 18 گیندوں پر ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 20 رنز اور آرون فنچ نے 13 گیندوں میں ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 18 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ . 15 ویں اوور میں بارش آنے سے کھیل دوبارہ ممکن نہیں ہوسکا اور آسٹریلیا نے خطاب جیت لیا۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ 4.3 اوور میں 48 رن کے شاندار آغاز کے باوجود 14 ویں اوور تک اس نے اپنے آٹھ وکٹ 110 رن تک گنوا دیے ۔ نیوزی لینڈ کے دونوں سلامی بلے بازوں نے اچھی بلے بازی کی۔