سڈنی// آسٹریلیا کے فاسٹ بولر پیٹ کمنز پیٹھ میں چوٹ کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 11 ویں ایڈیشن میں نہیں کھیلیں گے جس کے ساتھ ہی ٹوئنٹی 20 لیگ سے باہر ہونے والے کھلاڑیوں کی فہرست اور طویل ہو گئی ہے ۔کرکٹ آسٹریلیا (سی اے ) نے منگل کو اس کی تصدیق کی۔کمنز کو ممبئی انڈینس کے لئے کھیلنا تھا لیکن اب وہ پورے ورژن سے باہر ہو گئے ہیں۔کمنز جون میں انگلینڈ کے دورے کے لیے آسٹریلوی ٹیم میں جگہ بنانے کے اہل ہونا چاہتے ہیں۔سی اے کے فیزیو تھیراپسٹ ڈیوڈ بیکلے نے بیان میں کہا کہ کمنز کے ا سکین سے پتہ چلا ہے کہ ان کی ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ ہے ۔یہ ضروری ہے کہ وہ بولنگ سے کچھ وقت کے لئے چھٹی لیں تاکہ ان کی چوٹ اور زیادہ سنگین نہ ہو۔ایسے میں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ آئی پی ایل میں نہیں کھیلیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پیٹ ابھی ریکوری اور ریہیبی لٹیشن سے گزریں گے اور اس کے بعد ان کے دوبارہ اسکین کئے جائیں گے ۔اس کے بعد ہم فیصلہ کر سکیں گے کہ وہ برطانیہ کے دورے کے لئے فٹ ہوں گے یا نہیں۔کمنز نے آسٹریلیا کے لیے 13 ٹیسٹ کھیلے ہیں۔یو این آئی