سرینگر//لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے اسلام آباد (اننت ناگ) میں معروف سماجی شخصیت عبدالمجید بٹ کی وفات پر گہرے رنج و غم اظہار کیا ہے ۔ موصوف اسلام آباد ضلع کے عظیم شہید منظور الاسلام اور شہید سجاد احمد کے والد جبکہ شہید ہلال احمد مسگر کے والد نسبتی تھے۔ یاسین ملک فرنٹ کے نائب چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ، زونل آرگنائزر بشیر کشمیری اور ضلع صدر اسلام آباد محمد اسحاق گنائی وغیرہ کے ہمراہ مرحوم کے گھر پہنچے اور غمزدہ لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔ ۔بعدازاں مرحوم کےلئے معروف رحتی دید مسجد میں ایک تعزیتی مجلس منعقد ہوئی جس سے یاسین ملک نے خطاب کرتے ہوئے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ موصوف ایک نڈر انسان اور بے لوث شخصیت تھے جنہوں نے جموں وکشمیر کی آزادی کےلئے بے شمار مصائب و آلام برداشت کئے لیکن اس راہ عزیمت میں کوئی تساہل نہیں برتا۔انہوں نے کہا کہ موصوف منظور الاسلام کے والد تھے جو اسلام آباد ضلع میں مسلح تحریک کے بانی تھے اور جنہوں نے اپنی جدوجہد سے کشمیر کی تاریخ کا دھارا بدل دیا ۔ منظور الاسلام کے والد ہونے کی بناءپر انہوں نے بے شمار مصائب، ٹارچر،قید وبند اور مظالم برداشت کرنا پڑے لیکن یہ اور انکی فیملی اس راہ میں ڈٹے رہے اور مصائب کا مردانہ وار مقابلہ کرتے رہے۔جنوبی کشمیر کے لوگوں کی تحریک آزادی کےلئے دی جانے والی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ باقی کشمیر کی مانند جنوبی کشمیر نے بھی تحریک آزادی کے لئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور آج تک یہ سلسلہ جاری ہے اور آج جب کہ ہم اس حوالے سے قربانیوں کے ایک مجسم کو الوداع کہہ رہے ہیں ہمیںایک ایسی تحریک کہ جس کی پشت پر قربانیاں اور شہیدوںکا خون ہو ،اسے دنیا کی کوئی فوجی طاقت یا پولیسی جبر شکست نہیں دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک مبنی بر حق جدوجہد میں مصروف ہیں اور دنیا کی تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ آج تک آزادی کی طالب کسی قو م کو ملٹری یا پولیسی جبر سے شکست نہیں دی جاسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کا یہ بے لاگ سچ بھی ہمیں ملحوظ نظر رکھنا چاہئے کہ ظالم اور مظلوم کی جنگ میں آخری فتح ہمیشہ مظلوموں کی ہی ہوا کرتی ہے۔تعزیتی مجلس کے بعد جیسے ہی یاسین ملک رحت دید مسجد سے باہر نکلے ہزاروں لوگوں نے ان کا والہانہ استقبال کیااور آزادی، شہداءاور اتحاد و اتفاق کے حق میں فلک شگاف نعروں سے اسلام آباد کی فضا گونج اُٹھی۔