جموں//پولیس نے آر ایس پورہ میں امیدواروں سے رشوت لے کر نقل کروانے کے الزام میں 2اساتذہ کو حراست میں لیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار شدہ اساتذہ سے امیدواروں سے حاصل کردہ 21000 روپے نقد بھی برآمد ہوئے ہیں جو انہوں نے امتحان میں بیٹھے مختلف امیدواروں سے حاصل کئے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر نے گورنمنٹ ہائر سکینڈری اسکول بوائز آ ر ایس پورہ میں اچانک چھاپہ مارا اس وقت یہاں بنائے گئے امتحانی ہال میں بارہویں جماعت کے امتحانات چل رہے تھے اور جمعہ کے روز ریاضی کا پرچہ تھا۔ ٹیم نے دو اساتذہ کو بچوں کو نقل کرواتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، ان کی شناخت یشپال ساکن آر ایس پورہ اور رویندر کمار ساکن جیڈیاں کلاں کے طور پر کی گئی ہے ۔ پولیس نے ان اساتذہ کے قبضہ سے 21000روپے کی نقد رقم بھی برآمد کر لی جو انہوں نے کچھے میں بنائی گئی جیب اور بوٹوں میں چھپا رکھی تھی۔ ان کے خلاف ایک ایف آئی آر 170/2017 زیردفعہ 5/2 PUMEA and 120/Bدرج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے ۔