نئی دہلی//کانگریس نے عدلیہ پر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے حملے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ یہ کام بھارتیہ جنتا پارٹی کروا رہی ہے ۔کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سورجے والا نے ٹویٹ کیا کہ " یہ تشویشناک اور بدقسمتی کی بات ہے کہ آر ایس ایس کے ذریعے بی جے پی عدلیہ پر حملہ کروا رہی ہے ۔ پورا ملک چاہتا ہے کہ سپریم کورٹ کے سینئر ججوں نے جو مسائل اٹھائے ہیں ان کا حل ہونا چاہئے لیکن بی جے پی اس معاملے کو حل کرنے کے بجائے الجھاکر رکھنا چاہتی ہے "۔ مسٹر سورجے والا نے یہ تبصرہ آر ایس ایس کے سینئر عہدیدار جے نندکمار کے اس بیان پر کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے چار ججوں نے سیاسی سازش کے تحت چیف جسٹس دیپک مشرا کے خلاف 12 جنوری کو پریس کانفرنس کی تھی۔ آر ایس ایس لیڈر نے کہا تھا کہ چار ججوں نے جو کچھ کیا اسے بھلایا نہیں جا سکتا کیونکہ انہوں نے عدلیہ پر لوگوں کے اعتماد کو چھلنی کرنے کی کوشش کی ہے ۔یو این آئی ۔