سرینگر/آر ایس ایس لیڈر چندر کانت شرما کی ہلاکت کیخلاف مظاہرہ کرنے والوں نے سنیچر کو ڈی سی آفس کشتوار میں توڑ پھوڑ کی اور ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کا پتلا نذر آتش کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق سینکڑوں مظاہرین نے پولیس چوک سے منی سیکریٹریٹ تک چندر کانت کی ہلاکت میں ملوث مجرموں کو پکڑنے میں ناکامی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین انتظامیہ پر چندر کانت کے قاتلوں کا پتہ لگانے میں ناکام ہونے کا الزام عاید کررہے تھے۔
وہ ریاستی گورنر ملک کیخلاف بھی نعرے بلند کررہے تھے۔
عینی شاہدین نے کہا کہ مظاہرین نے منی سیکریٹریٹ پر پتھر برسائے اور اس کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ ڈالے۔ مظاہرین نے کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
حکام کے مطابق جائے واردات پر سی آر پی ایف اور پولیس اہلکاروں کو روانہ کیا گیا تاکہ مظاہرین کو منتشر کیا جائے۔
اس احتجاجی مظاہرے کا اہتمام قصبے میں ہڑتال کے بیچ کیا گیا تھا جس کی اپیل سناتھن دھرم نامی انجمن نے کی تھی۔
آر ایس ایس لیڈر چندر کانت شرما کو رواں ماہ کی9تاریخ کو ایک حملے میں ہلاک کیا گیا تھا۔ اس حملے میں اُن کا ایک محافظ بھی ہلاک ہوا تھا۔