نئی دہلی//(یواین آئی) کانگریس صدر راہل گاندھی نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ(آر ایس ایس ) کے سربراہ موہن بھاگوت کے تین دن میں فوج تیار کرنے والے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے شہیدوں کی توہین بتایا ہے ۔مسٹر گاندھی نے آج اپنے ٹوئٹر پرمسٹر بھاگوت کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے لکھا''سنگھ کے سربراہ کا یہ بیان ہر ہندوستانی کی توہین ہے ، چونکہ اس سے ملک کے لئے جان نچھاور کرنے فوجیوں کی توہین ہوئی ہے اور یہ ملک کے پرچم کی بھی توہین ہے ۔ اس بیان سے ترنگے کو سیلیوٹ کرنے والے فوجیوں کی توہین ہوئی ہے ۔ بھاگوت کو فوج اور شہیدوں کی توہین کرنے کے لئے شرم آنی چاہئے ۔ ''۔ سنگھ کے سربراہ نے کل ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو ملک کے لئے سنگھ کے پاس تین دن کے اندر 'فوج ' تیار کرنے کی صلاحیت ہے ۔ادھر سنگھ کی جانب سے مسٹر بھاگوت کے بہار کے مظفر پور میں دیئے گئے بیان پر صفائی دی گئی ہے ۔سنگھ نے جاری بیان میں کہا ہے "موہن بھاگوت ہندوستانی فوج کا مقابلہ سنگھ سے نہیں کر رہے تھے ۔ حقیقت میں ان کا کہنا تھا کہ فوج اپنے جوانوں کو تیار کرنے میں چھ ماہ کا وقت لیتی ہے اگر سنگھ تربیت دے تو فوجی تین دن میں رضاکار بھی بن سکتے ہے ۔