سرینگر//بڈگام کے آری پانتھن علاقے میں شبانہ چھاپوں کے دوران سنگبازی کے الزام میں قریب ایک درجن نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف علاقے میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کے دوران پولیس اور اس کے سپیشل آپریشن گروپ سے وابستہ اہلکاروں نے آری پانتھن اور ہزار پورہ کی مختلف بستیوں میں چھاپے ڈالکر گرفتاریاں عمل میں لائیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے دوران مجموعی طور11افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے بیشتر نو عمر ہیں اور ان کا پتھراﺅ کے واقعات کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔لوگوں نے الزام عائد کیا کہ چھاپوں کے دوران مکینوں کو خوفزدہ کیا گیا اور کئی گھروں میں گھس کر افراد خانہ کی بلاوجہ مارپیٹ اور گھریلو سامان کی توڑ پھوڑبھی کی گئی۔تاہم پولیس نے بتایا کہ گرفتار شدگان پتھراﺅ کے واقعات میں ملوث ہیں، ان کے خلاف پہلے سے ہی کیس درج ہیں اور وہ پولیس کو مطلوب تھے۔ان گرفتاریوں کے خلاف جمعرات کوعلاقے میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمول کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔علاقے میں دکانیں، کاروباری ادارے، اسکول اور دفاتر وغیرہ مکمل طور بند رہے جبکہ گاڑیوں کی آمدورفت بھی معطل رہی۔ صبح سویرے ہی لوگوں کی ایک بڑی تعدادسڑکوں پر نمودار ہوئی اور دھرنا دیکر نعرے بازی کی۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے کئی نوجوانوں کو بے بنیاد الزامات کے تحت گرفتار کیا ہے جن کا غیر قانونی سرگرمیوں کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔مظاہرین گرفتار شدگان کی فوری رہائی کا مطالبہ کررہے تھے۔تاہم حالات مجموعی طور پر سکون رہے اور کسی جگہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔