عظمیٰ نیوز سروس
ادھم پور/جموں// مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے ہفتہ کو کہا کہ 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد، جموں و کشمیر تمام شعبوں میں ترقی کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ ادھم پور میں ایک پروگرام کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ جب مودی نے 2014 میں اقتدار سنبھالا تو کہا گیا کہ شمال مشرقی خطہ سب سے زیادہ نظر انداز کیا گیا لیکن انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ ہر وزیر ہر مہینے میں ایک بار اس خطے کا دورہ کرے تاکہ اس کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگست 2019 میں آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35 اے کی منسوخی کے بعد، جموں و کشمیر بھی تمام شعبوں میں بڑے پیمانے پر ترقی کا مشاہدہ کر رہا ہے۔
پوری نے کہا کہ یہ پچھلے دو سالوں میں جموں و کشمیر کا ان کا چھٹا دورہ ہے اور “ہم سیاحوں کی بڑی تعداد میں آئی آئی آئی ایم، ایمس، ہسپتالوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے قیام کے گواہ ہیں۔انہوں نے کہا”مجھے لگتا ہے کہ کچھ کام کچھ رکاوٹوں کی وجہ سے زیر التوا ہیں لیکن ترقی کو مزید تیز کرنے کے لئے ان کا خیال رکھا جا رہا ہے،” ۔پوری نے کہا کہ دیویکا ندی پروجیکٹ، جس کی لاگت 190 کروڑ روپے ہے، اگلے تین ماہ کے اندر مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا، “یہ شمالی ہندوستان کا پہلا دریا کی بحالی کا منصوبہ ہے جو یاتریوں اور سیاحوں دونوں کے لیے ایک منفرد منزل پیش کرے گا۔