عظمیٰ نیوز سروس
جموں// فوج کے خصوصی دستوں اور پولیس اہلکاروں کی ایک ماہ طویل مشترکہ تربیت ہفتہ کو یہاں اختتام پذیر ہوئی۔ پولیس نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ مشق جموں و کشمیر کی مجموعی سیکورٹی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں زون آنند جین نے سنجوان فوجی اڈے پر فوج کی پیرا سپیشل فورسز اور مقامی پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی)کے 13 اہلکاروں کی ایک ماہ طویل مشترکہ تربیت کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔۔پولیس کے ایک ترجمان نے کہاکہ مشترکہ تربیت کا مقصد افواج کی آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانا اور ان کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ اے ڈی جی پی نے کمانڈوز سے بات چیت کی۔جین نے اس طرح کی مشترکہ تربیت کی اہمیت اور امن و امان کو برقرار رکھنے اور سیکورٹی کو یقینی بنانے میں حاصل کردہ حکمت عملی اور آپریشنل مہارتوں کی حد پر زور دیا۔انہوں نے اپنے اعتماد کا اظہار کیا کہ مشترکہ تربیت سے دونوں افواج کی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور جموں و کشمیر کی مجموعی سلامتی میں مدد ملے گی۔ترجمان نے کہا کہ اے ڈی جی پی نے امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پولیس فورس کے عزم کا اعادہ کیا۔