سوپور// آرمپورہ سوپور کے سید سلطان محلہ کی ایک رابطہ سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہونے کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ آرمپورہ کے وسیع علاقے کی تمام رابطہ سڑکوں پر میکڈم بچھایا گیا ہے اور انہیں آمدو رفت کے قابل بنایا گیا مگر علاقہ سید سلطان سے گزرنے والے روڑ کی حالت انتہائی خراب ہے جس سے یہاں کے لوگوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر چہ آس پاس کے دوسرے علاقوں کی سڑکوں پر میکڈم بھی بچھایا گیا تاہم اس رابطہ سڑک کو نظر انداز کیا گیا ، جس کے باعث اب اس سڑک کی حالت اس قدر خراب ہوچکی ہے کہ جگہ جگہ پر گہرے کھڈ بن چکے ہیں اور بارشوں کے دوران یہ سڑک جھیل کا منظر پیش کرتی ہے۔ علاقہ کے وارڈ ممبر مشتاق احمد چنگا نے اس سلسلے میںبتایا کہ ا نہوں نے علاقہ کے دیگر مکینوں کے ہمراہ محکمہ آراینڈ بی کو کئی بار آگاہ کیا کہ وہ اس سڑک کی مرمت کریں اورمیکڈم بچھانے کا کام شروع کریں مگر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار اے ڈی سی سوپور کی نوٹس میں بھی معاملہ لایا گیا مگر انہوں نے بھی کوئی توجہ نہیں دی ۔مقامی لوگوں اور وارڈ ممبر نے کہا’’اب ہم ضلع انتظامیہ اور محکمہ آر اینڈ بی کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس رابطہ سڑک کی مرمت کریںاور میکڈم بچھانے کا کام بھی جلد شروع کیا جائے ‘‘۔