نئی دہلی//حکومت نے واضح کیا ہے کہ عوام آدھار نمبر نہ ملنے تک دیگر شناختی دستاویزات کے ذریعہ بھی سرکاری اسکیموں کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔سرکارنے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ سرکاری منصوبوں کے فائدوں سے صرف اس لئے محروم نہیں رکھاجاسکتا کہ اس کے پاس آدھار نمبر نہیں ہے۔جب تک آدھار نمبر نہیں مل جاتاتب تک شناخت کی دیگر دستاویزوں کی بنیاد پر اس کے لئے یہ سہولیات جاری رکھی جائیں گی۔حکومت سبھی محکموں سے آدھار رجسٹریشن اور تجدید کے ضابطے 2016کے تحت عوام کو آدھار کارڈ رجسٹریشن سہولت فراہم کرانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔سرکاری اسکیموں کے تحت ملنے والی سہولیات عوام تک پہنچانے کے انتظام میں شفافیت برقرار رکھنے کےلئے حکومت نے حال ہی میں ایک حکم جاری کرکے مرکزی حکومت کے ذریعہ مالی امداد سے متعلق عوام کی فلاح کے منصوبوں کےلئے آدھار نمبر کو لازمی بنانے کی بات کہی تھی۔حکومت نے حال ہی میں حکم جاری کرکےمڈڈے میل اور انٹیگریٹیڈ چائلڈ ڈویلپمنٹ پرواگراموں کو آدھار نمبر سے جوڑنے کی بات کہی تھی۔اس ضمن میں جاری اس حکم میں کہا گیا ہے کہ جن بچوں کے پاس آدھار نمبر نہیں ہے انہیں یہ سہولت تب تک جاری رکھی جائیں جب تک کہ انہیں آدھار نمبر نہیں مل جاتا۔اسکولوں اور انٹیگریٹیڈ چائلڈ ڈویلپمنٹ پرواگراموں سے منسلک افسروں کو یہ اپنے یہاں بچوں کو آدھار نمبر رجسٹریشن سہولت فراہم کرانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ملک میں اب تک 112 کروڑ سے زیادہ کو آدھار نمبر دیا جاچکا ہے۔مختلف سرکاری منصوبوں کافائدہ حاصل کرنے کےلئے اسے لازمی بنایا گیا ہے۔