سرینگر//آدھار کارڈ اندراج کے پریشان کن عمل پر نالا ں کنگن کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بدھ کو احتجاج کے بطور سرینگر لیہہ شاہراہ پر دھرنا دیکر گاڑیوں کی آمدورفت مسدود کرکے رکھ دی۔ قصبہ کنگن کی مختلف بستیوں میں رہنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد بدھ کی صبح گھروں سے باہر آئی اور احتجاجی مظاہرے شروع کئے۔ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام کی لاپرواہی اور عدم توجہی کے باعث لوگوں کو آدھار کارڈ کے اندراج اور حصول میں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔مظاہرین نے بتایا کہ اب جبکہ آدھار کارڈ کو کئی اہم معاملات کےلئے ناگزیر قرار دیا گیا ہے، وہ آدھار کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے طرح طرح کے مشکلات سے دوچار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس بارے میں کئی بار تحصیل انتظامیہ کے متعلقہ ذمہ داروں کو آگاہ کرنے کے باوجود بھی ان کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کے نتیجے میں انہیں روزانہ نت نئے مصائب کا سامنا ہے۔کئی لوگوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی دنوں سے متعلقہ دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن کبھی عملے کی غیر حاضری اور کبھی مشین خراب ہونے کا بہانہ بناکر انہیں ٹرخایا جارہا ہے۔مظاہرین نے سب ڈویژنل مجسٹریٹ آفس کنگن کے باہردھرنا دیا اور سرینگر لیہہ شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت روک دی جس کے باعث شاہراہ پر کچھ دیر کےلئے ٹریفک جام ہوا۔بعد میں انتظامیہ کے بعض اہلکاروں نے لوگوں کو یقین دہانی کرکے پر امن طور منتشر کردیا۔تاہم مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر آدھار کارڈ کے اندراج میں معقولیت نہیں لائی گئی تو وہ احتجاج کرنے کےلئے دوبارہ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔