سرینگر//پبلک سروس کمیشن نے کے ائے ایس کی تیاریوں میں پچھلے 2سال سے جڑے 1500اُمیدواروں کو کم عمر قرار دیکر نہ صرف انہیں19تاریخ کوہونے والے امتحانات میں شامل ہونے سے روکا ہے بلکہ کے ائے ایس کیلئے تیاری کرنے والے اُمیدواروں کی اُمیدوں پر بھی پانی پھیر دیا ہے۔ عمر فیاض نامی اُمیدوار نے بتایا کہ وہ پچھلے 2سال سے کوچنگ کرنے کیلئے دلی گیا تھا اور امتحان میں شامل ہونے کیلئے تیاری مکمل کرنے کے بعد پبلک سروس کمیشن نے عمر کم ہونے کی بنیاد پر داخلہ کارڈ جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔ اُمیدوار نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ کمیشن کے اعلیٰ آفیسران اور دیگر ملازمین دو سال تک خواب خرگوش میں تھے کیونکہ انہوں نے اُمیدواروں کو دو سال تک اس ضمن میں جانکاری نہیں دی ہے ۔ عمر نے بتایا کہ امتحانات کیلئے جاری کی گئی نوٹیفکیشن میں کم سے کم عمر کا کئی پر نہیں لکھا گیا تھا اور اسلئے تمام خواہشمند افراد نے فارم جمع کیا تاہم پبلک سروس کمیشن کے افیسران نے اُمیدواروں کو پہلے مطلع کرنے کی کوشش نہیں کی۔ عامر نے بتایا کہ 1500اُمیدواروں میں سے کئی نوجوانوں نے دلی ، ممبئی اور دیگر ریاستوں میں کے ائے ایس امتحان پاس کرنے کیلئے کوچنگ پر ہزاروں روپے صرف کئے ۔ اس ضمن میں کشمیر عظمیٰ نے پبلک سروس کمیشن کے چیرمین لطیف زمان دیوا سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم بار بار کوشش کرنے کے باﺅجود بھی ان سے رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔ ادھر چند اُمیدواروں نے پبلک سروس کمیشن میں درخواست دائر کیلئے کا فیصلہ کیا ہے اور پبلک سروس کمیشن کی طرف سے کم عمر قرار دئے گئے اُمیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ8178437189/7006350031 نمبرات پر رابطہ کرکے کم عمر قرار دئے گئے اُمیدواروں میں اپنا نام درج کرائیں۔