نئی دہلی، 08 مئی (یو این آئی) ہندوستان کو 2013 میں پچھلی چمپئنز ٹرافی میں خطاب دلانے والے وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی کو یکم جون سے انگلینڈ میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پیر کو اعلان 15 رکنی ہندستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ٹیم میں اوپنر روہت شرما، آف اسپنر روی چندرن اشون اور تیز گیند باز محمد سمیع کی واپسی ہوئی ہے ۔ ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی سینئر سلیکشن کمیٹی نے پیر کو یہاں اپنی میٹنگ کے بعد 15 رکنی ٹیم اور پانچ ریزرو کھلاڑیوں کا اعلان کیا۔چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دھونی نازک حالات میں دنیا کے بہترین فنشر ہیں اور انہیں یاد نہیں کہ گزشتہ 10۔12 برسوں میں دھونی نے وکٹ کے پیچھے کبھی خراب کارکردگی کی ہو۔ دھونی تینوں فارمیٹ میں کپتانی چھوڑ چکے ہیں اور وہ صرف محدود فارمیٹ میں کھلاڑی کے طور پر کھیل رہے ہیں۔دھونی کو آئی پی ایل 10 میں رائزنگ پنے سپرجائنٹس کی کپتانی سے بھی ہٹا دیا گیا تھا۔دھونی نے گھریلو سیزن میں جھارکھنڈ کی کپتانی کی تھی اور وجے ہزارے ون ڈے ٹرافی میں اپنی ٹیم کو سیمی فائنل تک لے گئے تھے ۔ گھریلو سیزن اور آئی پی ایل میں وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک اور رشبھ پنت کی شاندار کارکردگی کو دیکھتے ہوئے دھونی پر سوال اٹھائے جا رہے تھے لیکن سلیکٹرز نے دھونی کو ترجیح دی اور کارتک اور پنت کو پانچ ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا۔ تیز گیند باز سمیع نے اپنا آخری ون ڈے 26 مارچ 2015 کو سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔اس کے بعد انجری کی وجہ سے وہ کافی وقت ٹیم سے باہر رہے ۔26 سالہ سمیع 2015 عالمی کپ میں ہندستان کے بہترین بولر تھے ۔بالکل فٹ ہونے کے بعد وہ بنگال کے لیے وجے ہزارے ٹرافی اور آئی پی ایل میں دہلی ڈئیر ڈیولس کے لئے کھیلے ۔انہیں چمپئنز ٹرافی کے لیے پانچ تیز گیند بازوں میں رکھا گیا۔ چمپئنز ٹرافی یکم جون سے انگلینڈ میں کھیلی جانی ہے جہاں ہندستان خطاب کا دفاع کرنے اترے گا۔بی سی سی آئی نے کل فیصلہ کیا تھا کہ ہندستانی ٹیم چمپئنز ٹرافی میں حصہ لے گی اور اس کے 24 گھنٹے بعد وراٹ کوہلی کی کپتانی میں اس کا اعلان کر دیا۔ ٹیم میں اوپنر شکھر دھون اور روہت شرما کو رکھا گیا ہے ۔روہت نے پہلی پسند اوپنر کے طور پر اپنا مقام حاصل کیا ہے ۔روہت چوٹ کی وجہ سے پانچ ماہ میدان سے باہر رہے تھے ۔وہ مارچ میں میدان پر واپس آئے اور اس آئی پی ایل میں ممبئی انڈینس کے لئے ابھی تک تمام 11 میچوں میں کھیلے ہیں۔ آف اسپنر اشون ٹیم میں شامل دو ماہر اسپنروں میں ایک ہیں۔ایک اور اسپنر رویندر جڈیجہ ہیں۔لیفٹ آرم اسپنر یوراج سنگھ اور پارٹ ٹائم آف اسپنر کیدار جادھو بھی کچھ اوور بانٹ سکتے ہیں۔یوراج کو گھریلو سیزن میں اور آئی پی ایل میں اچھی کارکردگی کا فائدہ ملا ہے ۔یوراج نے اس سال کے اوائل میں انگلینڈ کے خلاف سیریز سے ون ڈے کیریئر کو نئی زندگی دی تھی۔ سلیکٹرز نے روہت کے جوڑی دار کے لیے اوپنر دھون پر انحصار ظاہر کیا ہے ۔لوکیش راہل کے زخمی ہونے کی وجہ سے انہیں ٹیم میں جگہ نہیں مل پائی اور سلیکٹرز نے شکھر کا انتخاب کیا۔ اوپننگ کے ایک اور دعویدار اجنکیا رہانے کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے ۔