عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سرینگر شہر سمیت وادی کے کئی حصوں میں ہفتہ کو ہلکی تازہ برف باری ہوئی کیونکہ محکمہ موسمیات نے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران وادی میں درمیانے درجے سے بھاری برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔حکام نے بتایا کہ کشمیر کے بالائی علاقوں میں ،جہاں صبح سویرے برفباری شروع ہوئی، وہیں میدانی علاقوں میں بھی دن چڑھنے کے ساتھ ہی ہلکی برف باری دیکھنے میں آئی۔حکام نے کشمیر کے پہاڑی اور پہاڑی علاقوں میں برفانی تودہ گرنے کی وارننگ جاری کی ہیں جبکہ موٹرسائیکلوں کو پھسلن والی سڑکوں کے پیش نظر احتیاط سے گاڑی چلانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔شہر سرینگر میں صبح کے وقت ہلکی برفباری شروع ہوئی جس کا دورانیہ مختصر رہا۔ تاہم سہ پہر کے وقت برفباری پھر شروع ہوئی لیکن ایک بار پھر اسکی شدت کم تھی اور شام دیر گئے تھے بالکل ہلکی ہلکی برفباری ہورہی تھی۔دیگر قصبوں اور دیہات میں کہیں ہلکی تو کہیں درمیانی درجے کی برف گری۔ادھرکپوارہ میں ہفتے کو تازہ برف باری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں سرحدی علاقوں کو جانی والی سڑکیں بند ہوگئیں۔سہ پہر تک ضلع کے بالائی علاقوں میں قریب 8انچ جبکہ میدانی علاقوںمیں 4سے 5انچ ،سادھنا گلی پر 1فٹ، فرکیان گلی پر 10انچ برف جمع ہوئی تھی۔جس کے نتیجے میں گا ڑیو ں کی نقل و حمل متا ثر ہوئی ۔ سرکلی مژھل سڑک کو جمعہ کے روز گا ڑیو ں کیلئے بحال کیاگیا تاہم کئی گھنٹوں کے بعد دو بارہ بند ہوگئی۔ کیرن اور کرنا ہ سڑکو ں پر برف ہٹانے کا کام تازہ برف باری سے متاثر ہوا۔بڈنمل اور جمہ گنڈ کی سڑکیں 5روز سے بند پڑی ہیں ۔ادھر سنیچر کو سونہ مرگ، زوجیلا، دراس ،مٹائن، گنگن گیر، کلن گنڈ، کنگن اورمنی مرگ میں صبح سے ہی برفباری شروع ہوئی ۔ ضلع انتظامیہ گاندربل نے گگن گیر سے سونہ مرگ تک صرف مخصوص گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی۔دریں اثنا، گزشتہ رات شدید سردی سے راحت ملی لیکن سال کے اس وقت کم سے کم درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری کم رہا۔ محکمے کے مطابق اگلے 24گھنٹوں کے دوان صوبہ جموں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں جبکہ پیر پنچال اور وادی چناب کے بالائی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 5 فروری کو بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے اور بعد ازاں وادی میں 6 سے 13 فروری تک موسم
مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمے نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ4 فروری کی شام تک موسم خراب رہنے کی صورت میں مسافروں سے اپیل ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کی ایڈوائزری کے مطابق سفر کا پلان کریں۔
برفانی تودے کی وارننگ
موسمیاتی مرکز نے جموں و کشمیر کے 8 اضلاع میں برفانی تودے کی وارننگ جاری کی ہے۔جموں و کشمیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ اگلے 24 گھنٹوں میں بانڈی پورہ، بارہمولہ، گاندربل، کپواڑہ اور جموں خطہ کے ڈوڈہ، پونچھ اور رام بن کے اضلاع میں درمیانے درجے کے خطرے کی سطح کے ساتھ برفانی تودہ گرآنے کا امکان ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور برفانی تودے کے شکار علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔
شاہراہ پر 2روز بعد معمول کا ٹریفک بحال
محمد تسکین
بانہال// ہفتے کی صبح جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی دو طرفہ آمدورفت دو روز بعد مکمل بحال کی گئی ۔ ہفتے کی صبح موسم ابر آلود رہا اور دوپہر بعد بانہال اور رام بن کے پہاڑی علاقوں بشمول مہو۔منگت، باوا ، اکھرن ، آڑمرگ ، بجناڑی میں ایکبار پھر بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ شیر بی بی ، مہاڑ اور ڈھلواس کے مقامات پرجمعرات کی صبح سے شاہراہ بند تھی اور اسے جمعہ کی دوپہر بعد جزوی طور بحال کیا گیا، تاہم جموں اور سرینگر سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔جمعہ کی شام جاری ٹریفک پولیس ایڈوائزری کے مطابق ڈھلواس کے مقام پرکیچڑ کی وجہ سے سڑک خراب تھی جبکہ کیفٹیریا موڑ ، مہاڑ ، مکرکوٹ ، ناچلانہ ، کشتواڑی پتھر، شیر بی بی اور ہنگنی کے مقامات پر سڑک یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل تھی۔ ہفتے کی صبح سے مسافر بردار گاڑیوں کو سرینگر ، قاضی گنڈ ، ادہمپور اور جموں سے دونوں طرف سے چلنے کی اجازت دی گئی اور بعد میں قاضی گنڈ اور ادہمپور سے مال بردار گاڑیوں کو بھی چلنے کی اجازت دی گئی ۔