کولمبو/ تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی جمعرات کو جب سری لنکا کے خلاف سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں اتریں گے تو ان کے نام اپنے کیریئر میں 300 ون ڈے میچ کھیلنے کا ریکارڈ بھی درج ہوجائے گا۔ ہندوستان اور سری لنکا کے مابین پانچ میچوں کی سیریز کو مہمان ٹیم پہلے ہی تین ۔صفر سے اپنے نام کر چکی ہے اور فی الحال اس کے لئے جمعرات کو کولمبو میں ہونے والا چوتھا میچ نتیجہ کے لحاظ سے اہم نہیں ہے لیکن اس میچ کے بعد سابق کپتان دھونی ون ڈے میں اپنے 300 میچوں کو مکمل کرلیں گے ۔ دھونی نے موجودہ ون ڈے سیریز میں ایک مرتبہ پھر اپنی اہمیت کو ثابت کرتے ہوئے میچ فاتح اننگز کھیلی ہیں اور وہ زبردست فارم میں ہیں۔ اب تک انہوں نے 229 میچوں میں 51.93 کے اوسط سے شاندار 9608 رنز بنائے ہیں، جن میں 10 سنچری اور 65 نصف سنچری شامل ہیں۔ اس میں ناٹ آ¶ٹ 183 رنز کی بہترین اننگز ہے جو ہندوستانی کھلاڑی نے 31 اکتوبر 2005 کو جے پور ون ڈے میں سری لنکا کے خلاف ہی بنائی تھی۔ کپیل دیو کے بعدملک کو عالمی کپ کا خطاب دلانے والے دوسرے کپتان دھونی کے نام ون ڈے کیرئیر میں کئی ریکارڈ درج ہیں۔ انہوں نے موجودہ سیریز میں ہی دو ریکارڈ اپنے نام کر لئے ہیں جس میں دوسرے ون ڈے میں انہوں نے کمار سنگاکارا کی 99 اسٹمپنگ کے ریکارڈ کی برابری کر لی ہے اور اب 300 ویں میچ میں ان کے پاس سنگاکارا کو پیچھے چھوڑنے کا بھی موقع رہے گا اور ساتھ ہی وہ وکٹ کے پیچھے 100 کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے کے معاملے میں ون ڈے کے پہلے وکٹ کیپر بھی بن جائیں گے ۔یواین آئی