یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس کے لیڈر سندیپ دیکشٹ نے بھارتیہ جنتا پارٹی سے کروڑوں روپے لینے کے الزام لگانے کے خلاف دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی اور عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دیکشت نے نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال کی وجہ سے وہ پہلے اس معاملے پر پریس کانفرنس نہیں کر سکتے تھے، لیکن اب وہ آپ کے لیڈروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں گے۔اس دوران انہوں نے آتشی سے ہرجانے کے طور پر 10 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس میں سے وہ 5 کروڑ روپے جمنا کی صفائی پر خرچ کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی کے لوگوں کو آلودگی کی پریشانی سے نجات دلانے کیلئے 5کروڑ روپئے کا استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اروند کیجریوال شیلا دیکشت حکومت کے خلاف 360صفحات پر مشتمل ثبوت لے کر گھومتے تھے۔ بی جے پی کے وجے کمار ملہوترا نے مجھے بتایا تھا کہ کیجریوال کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد بی جے پی کے وفد نے ان سے ثبوت مانگے تھے۔ اس دوران کیجریوال نے انہیں 360اخباری تراشے دکھائے۔انہوں نے کہا کہ کیجریوال پہلے شخص ہیں جو ثبوت کے طور پر اخباری تراشے دکھاتے ہیں۔