جموں //ریاستی قانون ساز اسمبلی کی ماحولیاتی کمیٹی کی میٹنگ بدھ کو ممبر اسمبلی حکیم محمد یاسین کی صدارت میںمنعقد ہوئی۔ میٹنگ میں ارکان قانون سازیہ شمیمہ فردوس ، اعجاز احمد میر، ڈاکٹر کرشن لال، نور محمد شیخ، راجیو جسروٹیہ ،کلدیپ راج ،گلزار احمد وانی اور انجم فاضلی نے شرکت کر کے ریاست کی آبی پناہ گاہوں اور جنگلات کے تحفظ کےلئے اپنی تجاویز پیش کیں۔میٹنگ میں جنگلات و ماحولیات کے کمشنر سیکرٹری محمد افضل نے جنگلات کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات کی تفصیل کے علاوہ قومی شاہراہ کے ارد گرد پودے لگانے کے لئے اختیار کئے گئے طرز عمل کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔انہوںنے غیر قانونی طور قبضہ کی گئی جنگلاتی اراضی اور آبی پناہ گاہوں کو بحال کرنے اور ماحولیاتی توازن کو بنائے رکھنے کےلئے کئے جارہے اقدامات کی تفصیل پیش کی۔ کمیٹی نے ریاست میں قانونی اور غیر قانونی طور چل رہے سٹون کریشروں اور اینٹ بٹھوںکی تفصیل طلب کی۔ مکانات اور شہر ی ترقیات محکمہ کے کمشنر سیکرٹری ہردیش کمار اور صحت عامہ و آبپاشی و فلڈکنٹرول کے سیکرٹری سوربھ بھگت نے میٹنگ کے ایجنڈا کے حوالے سے کمیٹی کو مطلع کیا۔ میٹنگ میں محکمہ جنگلات کے کمشنر سیکرٹری اے کے سنگھ ، پرنسپل چیف کنزرویٹر جنگلات ، پولیوشن بورڈ کے چیئرمین ،ڈائریکٹر ماحولیات ، ڈائریکٹر سوئیل اینڈ واٹر کنزرویشن ، ڈایکٹر ایس ایف آر آئی اور متعلقہ محکمہ جات و اسمبلی سیکرٹریٹ کے سینئر افسران و اہلکار وں نے شرکت کی۔