حیدرآباد؍ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا دسواں سیشن اب اپنے نئے چیمپئن سے صرف ایک قدم کی دوری پر کھڑا ہے اور اس کا فیصلہ اتوار کو ہوگا کہ پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچی رائزنگ پنے سپرجائنٹس یہ خطاب حاصل کرتی ہے یا ستاروں سے سجی ممبئی انڈینس خطابی ہیٹ ٹرک لگاتی ہے ۔ ممبئی انڈینس کی ٹیم پنے کے ہاتھوں اپنے گھریلو میدان میں شکست کے بعد دوسرے کوالیفائر میں پہنچی اور چوتھی مرتبہ آئی پی ایل کے فائنل میں اپنی جگہ بنالی۔ ممبئی نے جمعہ کو بنگلور میں ہوئے میچ میں کولکتہ نائٹ رائڈرس کو چھ وکٹوں سے ہرایا تھا اور بلند حوصلے کے ساتھ وہ فائنل میں پہنچی ہے ۔یہ بھی دلچسپ بات ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ کے دسویں سیشن میں ممبئی اور پنے کے درمیان کھیلے گئے گزشتہ تین میچوں میں پنے نے فہرست میں ٹاپ پر رہی ٹیم کو ہرایا ہے ۔ پنے نے ٹورنامینٹ کے افتتاحی میچ میں ہی ممبئی کو اپنے گھریلو میدان پر سات وکٹ سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد پنے نے ممبئی کو اسی کے میدان پر تین رن سے ہرایا تھا۔ پنے جہاں سب سے پہلے فائنل میں پہنچنے کے بعد تروتازہ ہوکر ممبئی کے خلاف فتح کا چوکا لگانے اترے گی وہیں دو مرتبہ کی چیمپئن روہت شرما کی ٹیم کے لئے یہ مقابلہ یقیناً ہی نفسیاتی دباؤ والا ہوگا۔ آئی پی ایل میں ممبئی کامیاب ٹیموں میں ہے جس نے دو بار سال 2013 اور 2015 میں چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے ۔سال 2010 میں ممبئی یہاں رنر اپ بھی رہی تھی اور آئی پی ایل کے 10 ویں ایڈیشن میں بھی اس نے حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے باقی ٹیموں کو خود سے آگے نکلنے نہیں دیا اور 14 میچوں میں سب سے زیادہ 10 جیت درج کر سب سے اوپر رہی۔ وہیں لیگ میں صرف اپنا دوسرا ورژن ہی کھیل رہی پنے کی ٹیم نے کئی تجربہ کار ٹیموں کو چونکاتے ہوئے پہلی بار فائنل میں جگہ بنائی ہے ۔مہاراشٹر کی ان دو گھریلو ٹیموں کے درمیان فائنل اب پہلے کوالیفائنگ کا ری میچ ہوگا لیکن یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ اس بار ممبئی بدلہ لے پاتی ہے یا پنے کا انڈینس پر جیت برقرار رکھتے ہوئے خطاب پر قبضہ ہو تا ہے ۔ روہت نے کے کے آر کے خلاف اگرچہ فتح کے بعد اعتماد ظاہر کیا ہے کہ وہ پنے کے خلاف اس وقت تاریخ رقم کر یں گے ۔ممبئی کا دو بار کی چمپئن کولکاتا کے خلاف کمال کی کارکردگی کے بعد حوصلہ کافی بلند ہے ۔ٹیم کے پاس بہترین بولنگ اور بلے بازی آرڈر ہے جس نے اسے فائنل کا ٹکٹ دلایا۔اس میچ میں کرن شرما 16 رنز پر سب سے زیادہ چار وکٹ لے کر سب سے کامیاب رہے تھے تو تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے صرف سات رن پر تین وکٹ نکالے ۔مچل جانسن، لست ملنگا اور پانڈیا برادران تمام ٹیم کے کمال کے کھلاڑی ہیں اور کولکاتا کو محض 107 پر ڈھیر کرنے میں ان گیند بازوں کا بڑا کردار رہا جس کی بدولت ممبئی نے 14.3 اوور میں ہی ہدف حاصل کر کے اہم میچ جیت لیا تھا۔ممبئی کے پاس زبردست بلے بازی لائن اپ بھی ہے اور اس کی خاصیت یہی ہے کہ اس کا کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں ہے ۔پارتھیو پٹیل، لینڈل سیمنس ، کپتان روہت شرما، ہردک اور کرنال، کیرون پولارڈ سب نے بورڈ پر ضروری رن جوڑے ہیں۔گزشتہ میچ میں اوپنگ تینوں بلے بازوں کے سستے میں آؤٹ ہونے کے بعد کرنال کی ناٹ آؤٹ 45 رن کی آٹھ چوکوں سے سجی اننگز اہم رہی تھی اور یہی ممبئی کو دوسری ٹیموں سے الگ کرتی ہے کہ اس کے پاس ہر نمبر پر میچ فاتح کھلاڑی موجود ہیں۔یہ تو اگرچہ فائنل میں پتہ چلے گا کہ پنے اس بار الٹ پھیر کا شکار ہوگی یا وہ اپنے دبدبے کو قائم رکھے گی لیکن اس بات میں دو رائے نہیں کہ اسمتھ کی قیادت اور سابق کپتان مہندر سنگھ دھوني کے بے پناہ تجربہ کی بدولت پنے نے لیگ میں ہر ٹیم کو مات دی ہے ۔