ممبئی/ آئی پی ایل میں اپنی پرانی ٹیم چنئی سپرکنگس میں لوٹ کر اس کی کپتانی کرنے والے معروف کھلاڑی مہندر سنگھ دھونی اور سابق چمپئن ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما کے درمیان ہفتہ کو حالیہ ٹونٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں عظیم مقابلہ ہوگا۔آئی پی ایل اپنے 10ایڈیشن پورے کرنے کے بعد نئے کلیور اور پرانی ٹیموں کے ساتھ گیارہویں ایڈیشن میں لوٹ رہا ہے ۔چنئی کو سٹے بازی اور اسپاٹ فکسنگ کی وجہ سے دو سال کے لئے راجستھان رائلس کے ساتھ معطل کردیا گیاتھا۔ یہ دونوں ٹیمیں اپنی معطلی ختم ہونے کے بعد آئی پی ایل11میں واپس ہورہی ہیں۔گزشتہ دوبرسوں کے دوران رائزنگ پنیسپرجائنٹ کی طرف سے کھیلنے والے دھونی بالآخر اپنے دوسرے گھر چنئی لوٹ آئے ہیں۔چنئی ٹیم نے آئی پی ایل نیلامی سے قبل اپنی 2015کی ٹیم سے دھونی، سریش رینا اور رویندر جڈیجہ کو برقرار رکھاتھا۔ چنئی کو دو بار چمپئن بنانے والے دھونی اب اپنی ٹیم کو نئے سرے سے ترتیب دیں گے جس میں کئی تبدیلیاں نظرآئیں گی۔دھونی کے لئے ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان روہت چیلنج رہیں گے جنہوں نے گزشتہ سال ممبئی کو چمئپن بنایا تھا۔ ممبئی نے اس ایڈیشن کے لئے روہت کے علاوہ جسپریت بمراہ اور ہاردک پانڈیا کوبرقراررکھا تھا۔ روہت کی قیادت میں ہندوستان نے حال ہی میں سری لنکا میں منعقد ٹونٹی ٹونٹی میچوں کی ندہاس ٹرافی جیتی تھی۔روہت نے اس ٹورنامنٹ میں کپتان وراٹ کوہلی کو آرام دیئے جانے کے بعد کپتانی سنبھالی تھی۔روہت نے اس سے پہلے گزشتہ سال دسمبر میں سری لنکا کے خلاف بھی ہندوستان کو ٹوئنٹی 20 سیریز میں جیت دلائی تھی۔ دھونی اور روہت محدود اووروں کی ٹیم میں ساتھ ساتھ کھیلتے ہیں اور طویل عرصے سے کھیلنے کی وجہ سے ایک دوسرے کی حکمت عملی کو اچھی طرح سے جانتے ہیں۔ اگرچہ دھونی ندھاس ٹرافی میں ہندوستانی ٹیم کا حصہ نہیں تھے ۔ممبئی کی ٹیم میں کئی عظیم میچ فاتح کھلاڑی ہیں۔ خود کپتان روہت اس ٹیم کے سب سے بڑے میچ ونر ہیں۔ ان کے پاس جسپریت بمراھ، جے پی ڈومنی، مشیل میک لینیگن ، مسفیض الرحمن،ہاردک پانڈیا، کرال پانڈیا، کیرون پولارڈ، سوریہ کمار یادو جیسے کئی بہترین کھلاڑی ہیں۔دوسری طرف چنئی کی ٹیم کو دیکھا جائے تو کپتان دھونی کے ساتھ ساتھ بائیں ہاتھ کے بلے باز رینا اور آل راؤنڈر جڈیجہ کی واپسی نے ٹیم کو مضبوط کیا ہے ۔ ویسٹ انڈیز کے ڈیون براوو اس ٹیم کے سب سے اہم کھلاڑی ہیں۔جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈو پلیسس اور لیگ اسپنر عمران طاہر، کیدار جادھو، امباٹي رائیڈو، مشیل سینٹنر، آسٹریلیائی آل راؤنڈر شین واٹسن اور سلامی بلے باز مرلی وجے چنئی ٹیم کو مضبوطی دیتے ہیں۔یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ چنئی کی ٹیم کے آف اسپنر ہربھجن سنگھ اپنی پرانی ٹیم ممبئی کے سامنے کس طرح کا چیلنج پیش کرتے ہیں۔ ہربھجن 10 سال تک ممبئی انڈینس ٹیم کا حصہ رہے تھے ۔ انہوں نے اس ٹیم کی کپتانی بھی سنبھالی تھی لیکن ممبئی نے اس بار نہ تو انہیں ٹیم میں دوبارہ شامل کیا اور نہ ہی نیلامی میں خریدا۔ آف اسپنر ہربھجن پہلے ہی میچ میں ممبئی کو سخت جواب دینے کو تیار ہوں گے ۔آئی پی ایل کی تاریخ میں چنئی نے آٹھ ایڈیشنوں میں 132 میچوں میں 79 جیتے ہیں اور 51 ہارے ہیں جبکہ ممبئی نے 10 سیشن میں 157 میچوں میں 91 جیتے ہیں اور 65 ہارے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز چنئی کے رینا ہیں جنہوں نے 161 میچوں میں 4540 رن بنائے ہیں جبکہ روہت کے حصے میں 159 میچوں میں 4207 رنز ہیں۔ خود دھونی نے 127 میچوں میں 3561 رن بنائے ہیں۔