سری نگر//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے آئی ٹی آئی زینہ کوٹ میں دو منزلہ ورکشاپ بلاک کی تعمیر ، پارکنگ ائیریا اور کھیل میدان کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر، ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، پرنسپل آئی ٹی آئی زینہ کوٹ ، ہنر مند اِداروں کے پرنسپل ، آر اینڈ بی اَفسران اور دیگر متعلقین موجود تھے۔منصوبے کی لاگت 242.25 لاکھ روپے ہے اور یہ دسمبر 2024ء تک مکمل ہونے کی اُمید ہے۔پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ ایجنسی پر زور دیا کہ وہ مل کر کام کریں تاکہ پروجیکٹ کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت طلباء کے ہنر کو بڑھانے کے لئے پوری طرح پُر عزم ہے اور اِس سلسلے میں تمام کوششیں کی جارہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ زندگی میں مواقع کی کمی نہیں ہے لیکن ہمیں یہ سمجھ پید اکرنے کی ضرورت ہے اور ان مواقع کو کامیابی کے لئے کیسے اِستعمال کیا جائے۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ آئی ٹی آئی زینہ کوٹ میں طلباء کی داخلے کی صلاحیت میں اِضافہ اور ٹریڈ کی تعداد میں بھی اِضافہ کریں۔اُنہوں نے کہا کہ صنعتی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے آئی ٹی آئیز میں متعلقہ ٹریڈز متعارف کی جائیں۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو کیمپس کی اراضی پرباڑ لگانے کی بھی ہدایت دی تاکہ کسی قسم کی تجاوزات کو روکا جاسکے ۔ اُنہوں نے کیمپس میں دیگر کاموں کا بھی معائینہ کیا جس میں زمین کی سطح بندی او رلینڈ سکیپنگ ، پائپ نیٹ ورک بچھانے اور فٹنگ شامل ہے۔بعد میں پرنسپل سیکرٹری نے فیکلٹی کے ساتھ اِستفساری گفتگو کی اور طلباء کو معیاری تربیت فراہم کرنے پر زور دیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے بھی خطاب کیا اور اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر میں محکمہ طلباء برادری کے فائدے کے لئے ہنرمندی کے ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن قدم اُٹھارہا ہے۔