سرینگر / آئی جی کشمیر ایس پی پانی نے جمعرات کو کرگل کا دورہ کیا اور وہاں پر چناو تیاریوں کا ایک اعلی سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا ۔
آئی جی کشمیر کے ہمراہ ڈی آئی جی سینٹرل کشمیرودھی کمار بردی ، ایس پی کرگل ڈاکٹر ونود کمار بھی موجود رہے ۔
ایک پولیس بیان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیررینج نے میٹنگ کے دوران مقامی پولیس اور سی اے پی ایف کے رول کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے الیکشن کے دوران جو کام انجام دیا ہے وہ قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کرگل میں پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا ۔
آئی جی موصوف نے آفیسران سے تلقین کی کہ وہ آنے انتخابات کو پر امن اوراحسن طریقے سے منعقد کرنے کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں ۔انہوں نے آفیسران پر یہ بھی زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں انتخابات کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیں تاکہ آنے والے چناو احسن اور پر امن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچ پائیں۔ایس پی پانی نے آفیسران کو بتایا کہ وہ اپنے علاقوں میں لوگوں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائیں تاکہ لوگوں کو کسی بھی مشکل کا سامنا کرنے پر مجبور نہ ہوناپڑے ۔ انہوں نے آفیسران سے تلقین کی کہ وہ آنے والے الیکشن کو پر امن اور سازگار ماحول میں منعقد کرنے کیلئے کسی قسم کا کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔