یو این آئی
نئی دہلی// قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے آئی ایس آئی ایس اور دیگر دہشت گرد تنظیموں سے متعلقہ دہشت گردی کی سازش کے معاملے میں پانچ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں متعدد مقامات پر تلاشی لی۔ بہار، اتر پردیش، مہاراشٹر، کرناٹک اور تمل ناڈو اور جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 21 مقامات کی وسیع پیمانے پر تلاشی لی گئی۔ این آئی اے نے اس سال جون میں تمل ناڈو کے ضلع چنگلپٹو میں کیار پولس سے کیس اپنے ہاتھ میں لیا تھا۔ اس سلسلے میں تلاشی کے دوران جرائم کے دستاویزی مواد کے ساتھ موبائل فون اور متعدد ڈیجیٹل آلات ضبط کیے گئے ہیں۔ یہ مقدمہ اخلاتور عرف محمد اخلاق مجاہد کی گرفتاری سے شروع ہوا تھا، جس نے مبینہ طور پر دوسروں کے ساتھ مل کر ہندوستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے کی سازش کی تھی۔