یو این آئی
نئی دہلی//آئین کو اپنانے کے 75سال مکمل ہونے کے موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ایوان دستور کے سنٹرل ہال میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی مشترکہ میٹنگ سے خطاب کیا جس میں نائب صدر جگدیپ دھنکڑ، وزیر اعظم نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا موجود تھے۔قبل ازیں صدر جمہوریہ صبح 11بجے ایوان دستور پہنچیں، نائب صدر جگدیپ دھنکڑ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کا استقبال کیا۔سینٹرل ہال میں صدر جمہوریہ کی دائیں جانب دھنکڑ، مودی، بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جگت پرکاش نڈا اور پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو اور بائیں جانب برلا، کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن راہل گاندھی اور راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش بیٹھے تھے۔ برلا نے سب سے پہلے استقبالیہ تقریر کی۔ انہوں نے ہندی میں اپنا خطبہ پیش کیا ۔ اس کے بعد آئین کے تاریخی سفر پر مبنی مختصر فلم کی نمائش کی گئی۔اس کے بعد نائب صدر جمہوریہ نے کا خطاب کیا۔ دھنکڑ نے انگریزی میں اپنا خطاب پیش کیا۔ دھنکڑ کے خطاب کے بعد مرمو نے آئین کو اپنانے کے 75سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک خصوصی یادگاری سکہ جاری کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا۔تقریب میں ‘آئین ہند کی تشکیل کی ایک جھلک’ ایک دستاویزی فلم کی شکل میں پیش کی گئی۔کریم رنگ کی ساڑی میں ملبوس محترمہ مرمو نے ہندوستان کے آئین کی تشکیل اور اس کے شاندار سفر پر ایک کتابچہ کا اجرا کیا۔ یہ کتابچہ ہندی اور انگریزی میں دستیاب کیا گیا تھا۔صدر جمہوریہ نے ہندوستانی آئین سے متعلق سنسکرت اور میتھلی زبانوں کتابچہ کا بھی اجرا کیا ۔صدر جمہوریہ نے اپنے خطاب کے دوران سنٹرل ہال میں موجود تمام معزز لوگوں کو آئین کا تمہید پڑھ کر سنایا۔قابل ذکر ہے کہ دستور ساز اسمبلی کے اجلاس دو سال 11 ماہ اور 18 دن تک جاری رہنے کے بعد 26 نومبر 1949 کو ہندوستانی آئین کو اپنایا گیا تھا۔
مرمو ، مودی ،کھڑگے اورراہل کی ہم وطنوں کو مبارکباد
یو این آئی
نئی دہلی//صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے یوم آئین اور آئین کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمارا آئین ایک زندہ اور ترقی پسند دستاویز ہے۔ بصیرت رکھنے والے ملک کے آئین سازوں نے بدلتے وقت کے تقاضوں کے مطابق نئے نظریات کو اپنانے کا بندوبست کیا تھا۔ مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہندوستانی آئین کی 75ویں سالگرہ کے پرمسرت موقع پر تمام ہم وطنوں کو یوم آئین کی بہت بہت مبارکباد۔ کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں سماجی، اقتصادی اور سیاسی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ کھڑگے نے کہا’’ آج آئین ہند کو اختیار کرنے کا 75 واں سال شروع ہو گیا ہے میں اس تاریخی موقع پر تمام ہندوستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں‘‘۔لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے آئین سازوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا’’ آج کے دن آئین کے سوچ کی حفاظت کرنے والے آزادی پسندوں، شہیدوں اور آئین ساز اسمبلی کے ہر رکن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں‘‘۔