سنتھن ٹاپ، مرگن ٹاپ، زوجیلا، امرناتھ اور گریز میں برفباری متوقع
سرینگر // جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے اگلے 40 گھنٹوں کے دوران وسطی اور جنوبی کشمیر کے اضلاع میں موسلادھار بارش اور گرج چمک کے ساتھ چند حساس مقامات پر بادل پھٹنے، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ظاہر کیا ہے۔حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی جانوں کے تحفظ کے لیے نالوں، دریا کے کنارے اور ڈھیلے ڈھانچے سے دور رہیں۔ایک بیان میں کہا گیا ہے “اگلے 40 گھنٹوں میں اننت ناگ، کولگام، شوپیان، پلوامہ، گاندربل اور بڈگام کے کئی مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔ چند خطرناک مقامات پر بادل پھٹنے/سیلابی پانی/مٹی کے تودے گرنے کا امکان ہے‘‘ ۔محکمہ موسمیات نے پیر کے روز جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں بشمول کشتواڑ، سنتھن ٹاپ، مرگن ٹاپ، زوجیلا، گمری محور، پہلگام کے بالائی علاقوں، امرناتھ اور بانڈی پورہ کے کچھ اونچے علاقوں میں ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ 25 اور 26 اگست کے درمیان کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے، جموں، ریاسی، ادھم پور، سانبہ، کٹھوعہ اور راجوری اضلاع میں الگ تھلگ مقامات پر بھاری سے بہت زیادہ بارش کا امکان ہے۔پونچھ، رام بن، ڈوڈہ، کشتواڑ اور کشمیر ڈویژن کے جنوبی حصوں میں گرج چمک اور تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔حکام نے خطرے سے دوچار علاقوں کے لوگوں کو گیلے موسم کے دوران سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور پانی جمع ہونے کے خطرے سے چوکنا رہنے کا مشورہ دیا ہے۔