سرینگر//ریاست کے گرمائی دارالخلافہ کے ترقیاتی منظرنامے میں بدلائو لانے پر مرکوز اہم فیصلے کے تحت حکومت نے سرینگر شہرکے لئے کیپٹل سٹی ڈیولپمنٹ پلان ( سی سی ڈی پی) کو منظور ی دی اورشہری انتظامیہ کو ضلع انتظامیہ سے الگ کرنے کا اعلان کیا۔یہ اہم فیصلہ یہاں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صدارت میں ضلع ترقیاتی بورڈ سرینگر کی میٹنگ میں لیا گیا۔منصوبے کے مطابق سرینگر میونسپل کارپوریشن ، سرینگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، لاوڈا،کنٹونمنٹ بورڈ اور گرمائی دارالخلافہ کی ترقی پر مرکوز دیگر بیرونی معاونت والے پروجیکٹوں کو ضلع پلان کے تحت فنڈنگ سے الگ کیا جائے گا اور ایک آزادانہ میکانزم کے تحت مخصوص وسائل فراہم کئے جائیں گے۔فی الوقت اس پلان کی سربراہی صوبائی کمشنر کشمیر کریں گے اور بعد میں میونسپل انتخابات کے بعد شہر کے منتخب میئر اس کے سربراہ ہوں گے۔یہ فیصلہ شہر کے ترقیاتی منظرنامے میں بدلائولانے اور بڑھتی آبادی کے مد نظر سماجی و اقتصادی ڈھانچے کی تعمیر کے لئے لیا گیا ہے۔اس قدم سے شہر کی ترقی کو ضلع انتظامیہ سے الگ کیا جائے گا اور اس طرح پروجیکٹوں کی تکمیل پر وقت بچاتے ہوئے عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔اسی طرح کا ایک کیپٹل سٹی پلان جموں شہر کے لئے ترتیب دیا جائے گا۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے سرینگر شہر کو وارانسی کے بعد ملک کا ایک قدیم شہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر شہر کو کلچر ، تاریخ اور ہیر ٹیج کے ساتھ معقول بلندیوں تک لے جانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے ورکنگ سیزن کا معقول استعمال کر کے گزشتہ برس ہوئے وقت کے زیاں کی بھرپائی کی جائے گی۔قدیم شہر کو ہیرٹیج کی ایک نشانی قرار دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ دستکاری اور ہیرٹیج کا اس انداز میں استعمال کرنے کی ہدایت دی تاکہ شہر ہیرٹیج کے شائقین کے لئے کشش کا بعث بنے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت سرینگر کو ایک منفرد سیاحتی مقام کے طور اُبھارنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس سال شہر میں 123کروڑ روپے کی مالیت والے 23پروجیکٹ دردست لئے گئے ۔انہوں نے شہر میں ڈل ، ژونٹھ کل، کٹہ کل اور سونر کل کے علاوہ دیگر آبی ذخائر کی سیاحتی گنجائش کو فروغ دینے کی ہدایت دی۔محبوبہ مفتی نے شہر میں زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے اور متبادل ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لئے جہلم اور جھیل ڈل میں آبی ٹرانسپورٹ شروع کرنے کے امکانات پر غور کرنے پر زور دیا۔ انہوںنے شہر میں جاری تمام پروجیکٹوں کو مکمل کرنے کی ہدایت دی۔بورڈ میٹنگ میں سرینگر شہر کے لئے 2017-18ء کے 600کروڑ روپے کے کیپٹل سٹی پلان کو منظوری دی گئی۔یہ رقم ضلع سیکٹر کے تحت 102کروڑ روپے کے بجٹ کے علاوہ ہے۔وزیر اعلیٰ جن کے پاس منصوبہ بندی و ترقی محکمہ کا قلمدان بھی ہے نے رواں مالی سال کے لئے زمین کی حصولیابی اور دیگر اخراجات کے لئے 20کروڑ روپے کے علاوہ اضافی 34کروڑ روپے واگذار کرنے کو منظور ی دی۔ایک اور اہم فیصلے کے تحت وزیر اعلیٰ نے شہر کے ہر اسمبلی حلقے کے لئے 50لاکھ روپے فی حلقہ واگذار کرنے کا اعلان کیا جس کو متعلقہ ممبران اسمبلی بلدیاتی کاموں کے لئے استعمال میں لائیں گے۔ایک خاص فیصلے کے تحت وزیرا علیٰ نے دفاتر ، سکولوں ور ہسپتالوںمیں بیت الخلائوں کی مرمت کی ہدایات دیں۔نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ کہا کہ تاریخی او رتمدنی اقدار کو مد نظر رکھتے ہوئے سرینگر کو معقول ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بجلی اور شہری ترقی محکمے اپنی کارکردگی میں بہتر لائیں گے۔تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے بورڈ کے ممبران کو یقین دلایا کہ حکومت شہر سرینگر کو کم سے کم وقت میں ایک بہتر ترقیاتی ڈھانچہ فراہم کرے گی۔انہوںنے کہا کہ زیر تعمیر سویہ ٹینگ پُل کو مہجور نگر کے ساتھ جوڑا جائے گا تاکہ شہر میں ایک متبادل داخلہ راستہ فراہم کیا جاسکے ۔ انہوں نے آر اینڈ بی محکمہ کو شہر کی تمام سڑکوں پر میٹل بچھانے کی ہدایت دی۔بعد میں بورڈ نے ضلع کے لئے 2017-18ء کے سالانہ پلان کو منظور ی دی۔