۔850میگاواٹ ریتلے پاور پرجیکٹ کے بعد اب 624میگاواٹ کیرو پاور پروجیکٹ بھی گیا بجلی اترپردیش کو 40سال تک دینے کا معاہدہ طے

 کشتواڑمیں چراغ تلے اندھیرا، ہزاروں کی آبادی ہنوز بجلی سے محروم، عوام سیخ پا،معاہدہ پر نظر ثانی کا مطالبہ

عاصف بٹ

کشتواڑ//50میگاواٹ ریتلے پاورپروجیکٹ کی بجلی اترپردیش کو دینے کے بعد اب چناب ویلی پاور پروجیکٹ لمیٹیڈنے اترپرریش پاور کارپوریشن لمیٹڈ کے ساتھ بجلی کا 40سال کا معاہدہ کیا ہے۔لکھنو میں سی وی پی پی ایل و اترپردیش پاور کارپوریشن لمیٹڈ کے درمیان ہوئےمعاہدے کے مطابق کیرو پاور پاورجیکٹ مکمل ہونے کے بعد اسکی بجلی چالیس سال تک اترپردیش پاور کارپوریش کو دی جائے گی۔ اسکو لیکر مقامی لوگوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔عوام نے کہا کہ کشتواڑ کے اندر بجلی کے منصوبے بن رہے ہیں لیکن یہاں کی عوام کو ہی بجلی سے محروم رکھا جارہاہے اورآج اس دورجدید میں بھی ہزاروں کی آبادی بجلی سے محروم ہے جبکہ کئی علاقوں کی عوام کو آج تک بجلی کا دیدار تک نصیب نہیں ہوا ہے۔ مقامی لوگوںکے مطابق ضلع کشتواڑ اس وقت پاور پرجیکٹوں کا مرکز ہےاور انہیں امید تھی کہ ان پاور پروجیکٹوں سے مقامی آبادی کو بجلی مل سکے گی لیکن اس سرکاری فیصلے سے انہیں کافی دکھ ہواہے۔انہوںنے کہا کہ انہوںنے ان پروجیکٹوں کیلئے اپنی زمین، مال گھر تک کھودیاہے تاکہ ان پروجیکٹوں کے بننے کے بعدانہیں اسکا فائدہ مل سکے لیکن سرکار صرف اپنا فائدہ دیکھ رہی ہےجبکہ آج بھی مڑواہ، واڑون، سروڈ، کنتواڑ علاقہ جات میں بجلی دستیاب نہیں ہے ۔لوگوںنے کہا کہ ضلع میںپانچ کے قریب پاور پروجیکٹ بن رہے ہیں جن سے ماحول پر کافی اثر پڑرہاہےلیکن یہاں کی عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے بدلے دوسروں کو اسکا فائدہ دیاجارہاہے اوریہاں کے سبھی پروجیکٹوں کی بجلی دوسری ریاستوں کو بیچی جارہی ہے جبکہ مقامی آبادی کو اندھیرے میں رکھنے پرمجبور کیا جارہاہے۔