پریس انفارمیشن بیورو
نئی دہلی// حکومت نے تقریباً 80 کروڑ غریبوں کو ماہانہ 5 کلو گرام مفت اناج فراہم کرنے کیلئے PMGKAY اسکیم کو مزید پانچ سال تک بڑھا دیا ہے۔ منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا۔ اس اسکیم کی توسیع کا اعلان وزیر اعظم نے حال ہی میں کیا تھا۔ اصل میں یہ اسکیم کووڈ کی مدت کے دوران شروع کی گئی تھی۔ یہ اسکیم اپنی نئی شکل میں اگلے سال یکم جنوری سے شروع ہوگی۔
اطلاعات اور نشریات کے وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے جس نے اسکیم کو دنیا کی سب سے بڑی سماجی بہبود کی اسکیموں میں شامل کیا ہے۔ اس کا مقصد 81.35 کروڑ افراد کے لیے پانچ سال کی مدت میں 11.80 لاکھ کروڑ روپے کی فراہمی کے ساتھ خوراک اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔یکم جنوری 2024 سے 5 برسوں کے لیے مفت غذائی اناج (چاول، گندم اور موٹے اناج/جوار) خوراک کی سلامتی کو مضبوط کرے گا اور آبادی کے غریب اور کمزور طبقوں کی کسی بھی مالی مشکلات کو کم کرے گا۔ یہ ایک مشترکہ لوگو کے تحت 5 لاکھ سے زیادہ فیئر پرائس شاپس کے نیٹ ورک کے ذریعے تمام ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں مفت غذائی اناج کی ترسیل میں ملک گیر یکسانیت فراہم کرے گا۔ یہ ون نیشن ون راشن کارڈ اقدام کے تحت مستفیدین کے لئے ملک میں کسی بھی مناسب قیمت کی دکان سے مفت اناج لینے کی اجازت دینے کے لحاظ سے، زندگی گزارنے میں آسانی پیدا کرے گا۔ مفت غذائی اجناس پورے ملک میں ون نیشن ون راشن کارڈ کے تحت پورٹیبلٹی کے یکساں نفاذ کو یقینی بنائے گا اور اس انتخاب پر مبنی پلیٹ فارم کو مزید مضبوط کرے گا۔اسکیم کو آخری بار 31 دسمبر 2023 تک بڑھایا گیا تھا۔وزیر نے کہا کہ سکیم کو 2020 میں وبائی امراض سے نجات کے اقدام کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا، جس کے تحت نیشنل فوڈ سیکیورٹی ایکٹ (NFSA) کے تحت 5 کلو سبسڈی والے غذائی اجناس کے علاوہ ہر استفادہ کنندہ کو 5 کلو مفت اناج فراہم کیا گیا تھا۔دسمبر 2022 میں، جیسے ہی PMGKAY متعدد توسیعوں کے بعد ختم ہو گیا، اسے NFSA کے تحت ایک سال کے لیے مفت راشن فراہم کر دیا گیا۔