عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے عوامی خدمات کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی ایک اہم قدم کے طور پرکل سول سیکرٹریٹ سری نگر میں رِی ہیبلٹیشن اسسٹنس سکیم ( آر اے ایس ۔2022) کے تحت آٹھ نوجوانوں کو تقرر نامے دئیے۔اِس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے تقرری حاصل کرنے والے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایمانداری اور لگن کے ساتھ کام کریں۔ اُنہوں نے کہا، ’’یہ تقرری نامے صرف ملازمت کے آڈر نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے تئیں ایک ذمہ داری ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ آج تقرری حاصل کرنے والے نوجوان خلوص نیت سے اپنی خدمات سر انجام دیں گے اور جوابدہی اور عوامی خدمت کی اَقدار کو برقرار رکھیں گے۔وزیر اعلیٰ کے مشیر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے روزگار کے مواقع بڑھانے اور شفاف بھرتیوں کو یقینی بنانے کے عزم کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں اِنتظامیہ مسلسل نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے کام کر رہی ہے۔