سرینگر//ونٹر سیکریٹریٹ سرینگر میں چیف سیکریٹری بی آر سبھرامنیم کی صدارت میں میٹنگ منعقد ہوئی جس میں بڈگام، بانڈی پورہ ، کپواڑہ اور بارہمولہ اضلاع میں اِلتوا میں پڑے پروجیکٹوں کاجائزہ لیا گیا۔ صوبائی و ضلع انتظامیہ پر التواء میں پڑے پروجیکٹوں کو مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے چیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم نے کہا ہے کہ گورنر انتظامیہ ریاست بھر میں8 ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی اقدامات کو ترجیح د ے رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ 8 ہزار کروڑ روپے کے ترقیاتی پروگرام کا مقصد ریاست بھر میں التواء میں پڑے پروجیکٹوں کو مکمل کرنا ہے۔میٹنگ میں صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان،بڈگام،بارہمولہ ، کپواڑہ اور بانڈی پورہ کے ڈپٹی کمشنروں کے علاوہ دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران ڈپٹی کمشنر بڈگام نے کہا کہ130 کروڑ روپے کے التواء میں پڑے71 پروجیکٹوں کو رقومات کی فراہمی کے لئے جے کے آئی ڈی ایف سی کے سامنے پیش کیا گیا ہے جبکہ145 کروڑ روپے کے32 پروجیکٹوں کو منظوری کے لئے پیش کیا گیا ہے۔میٹنگ میں بتایا گیاکہ بڈگام ضلع انتظامیہ11.49 کروڑ روپے کے8 پروجیکٹ اور135 کروڑ روپے کے11 نئے پروجیکٹ جے کے آئی ڈئی ایف سی کے تحت رقومات کی حصولیابی کے لئے پیش کرنے جارہی ہے۔چیف سیکرٹری نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ 31 دسمبر تک التواء میں پڑے اور نئے پروجیکٹوں کے ڈی پی آر کو حتمی شکل دی جائے۔ادھر ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ نے کہا کہ ضلع میںالتوا میں پڑے 229 پروجیکٹوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔جن میں سے 33 پروجیکٹوں کوفنڈنگ کے لئے جے کے آئی ڈی ایف سی کو بھیجا جائے گا اور ان پروجیکٹوں کے لئے تقریباً 48.86 کروڑ روپے درکار ہے۔ضلع انتظامیہ نے 485.23کروڑ روپے لاگت کے نئے پروجیکٹوں کے لئے بھی منصوبے بنائے ہیں جن کو فنڈنگ کے لئے جے کے آئی ڈی ایف سی کو بھیجا جائے گا۔کپواڑہ ضلع میں 246.76 کروڑ روپے لاگت والے 115 زیر التوا پروجیکٹوں کو فنڈنگ کے لئے جے کے آئی ڈی ایف سی کو بھیجا گیا ہے ۔چیف سیکرٹری نے ان پروجیکٹوں کو شروع کرنے کے لئے جے کے پی سی سی کو اپنا تعاون دینے کے لئے کہا۔ بارہمولہ ضلع میں 209کروڑ روپے لاگت والے زیر التوا پروجیکٹوں کی نشاندہی کرکے انہیں فنڈنگ کے لئے جے کے آئی ڈی ایف سی کو بھیجا گیا ہے۔ضلع میں 380.02 کروڑ روپے کے 160 زیر التوا پروجیکٹ ہیں جبکہ 60.11 کروڑ روپے 11نئے پروجیکٹوں کے منصوبے تیار کئے گئے ہیں ۔ اس دوران 86.96 کروڑ روپے لاگت والے 13 نئے پروجیکٹوں کو فنڈنگ کے لئے جے کے آئی ڈی ایف سی کو بھیجا گیا ہے ۔اس طرح ضلع میں 526.82کروڑ روپے لاگت والے 184 پروجیکٹ ہوں گے۔میٹنگ کے دوران صحت عامہ اور تعمیرات عامہ محکموں کے کئی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ان معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلایا۔