سرینگر // بی جے پی نے کھٹوعہ میں ہندو ایکتا منچ کی جانب سے 8سالہ بچی کی عصمت ریزی اور قتل میں ملوث گرفتار ایس پی او کی رہائی کے حق میں احتجاج سے خود کو الگ کر کے مذکورہ ملوث شخص کو مثالی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔بھاجپا جنرل سیکریٹری اشوک کول نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ یہ ایک گھناونا جرم ہے،ہم چاہتے ہیں کہ ملوثین کو مثالی سزا ملے، کیس کی مکمل تحقیقات کی جانی چاہیے‘‘۔کول نے اس معاملے پر احجاج کو ہندو ایکتا منچ کا اپنا فیصلہ قرار دیا۔ انکا کہنا تھا’’ مقامی لوگ اس بات کا الزام لگا رہے ہیں کہ پولیس نے ایس پی او کو جرم میں پھنسایا،وہ اس میں ملوث نہیں ہے۔کول نے کہا کہ مقامی رہائشی اس بات کا مطالبہ کررہے ہیں کہ اس معاملے کو س بی آئے کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے کہا’’ بھاجپا احتجاج کرنے والوں کی مدد نہیں کررہا ہے، ہمارا موقف بالکل واضح ہے کہ قانون اپنا کام کرے گا اور ملوث شخص کو قانون کے مطابق سزا ہو‘‘۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایس پی او دیپک کھجوریہ کو کرائم پرانچ نے گرفتار کیا ہوا ہے۔یاد رہے ہندو ایکتا منچ نے گذشتہ دنوں ایس پی او کی رہائی کے حق میں ترنگا لہرا کر ریلی نکالی تھی اور انکے ساتھ بھاجپا کا ایم ایل اے ہیرا نگر بھی احتجاج میں شامل تھا۔اس واقعہ کے بعد وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور دیگر مین سٹریم جماعتوں نے ریلی کی مذمت کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا اور اسے ترنگا کی توہین قرار دیا۔