۔8دنوں کے میگا سرجری کیمپ،5 اضلاع میں 2140جراحیاں ہونگی

نیوز ڈیسک
سرینگر //محکمہ صحت کی جانب سے وادی کے 5اضلاع میں 11مئی سے شروع ہونے والے میگا سرجیکل کیمپ میں 8دنوں کے دوران 2140چھوٹی بڑی جراحیاں انجام دینے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے اور جراحیوں کو انجام دینے کیلئے اسپتالوں کے انتخاب اور عملہ کی تعیناتی کو بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ وادی کے 5اضلاع سے تعلق رکھنے والے مریضوں کیلئے 4اضلاع میں جراحیوں کے انتظامات کئے گئے ہیں اور جراحیاں جی ایم سی بارہمولہ، ایس ڈی ایچ سوپور، ضلع اسپتال پلوامہ اور ضلع اسپتال گاندربل میں انجام دی جائیں گی۔ سرجریوں کے اس میگا کیمپ میں Rotatary club کے44 جبکہ کشمیر کے مختلف اسپتالوں میں تعینات 160ڈاکٹر بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے میگا سرجری کیمپ کیلئے بنائی گئے منصوبہ کے مطابق گاندربل ضلع میں 8دنوں کے دوران 417جراحیاں انجام دی جائیں گی اور اس کیلئے ضلع میںروٹیٹری کلب کے8اور دیگر 46 مقامی ڈاکٹر تعینات کئے گئے ہیں۔ بانڈی پورہ ضلع میں جراحیوں کیلئے 360مریضوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ جی ایم سی بارہمولہ ضلع میں11مئی سے شروع ہونے والے میگا جراحیوں کے کیمپ کیلئے 664 مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہیں۔جی ایم سی بارہمولہ میں 11غیر ریاستی اور 10مقامی ڈاکٹر دستیاب رہیں گے۔ کپوارہ کے سب ضلع اسپتال میں جراحیوں کیلئے656مریضوں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ ضلع میں میگا سرجری کیمپ کیلئے 67ڈاکٹروں کو تعینات کیا گیا ہے جن میں10غیر ریاستی ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔ وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں جراحیوں کیلئے1600سے زائد مریضوں کا اندراج ہوا ہے لیکن یہاں صرف 43مریضوں کو جراحیوں کیلئے بلایا گیا ہے ۔