جموں//ریاستی حکومت نے جموں وکشمیر میں ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر سات اضافی ٹریڈ روٹس کھولنے کا معاملہ مرکزی سرکار کی نوٹس میں لایا ہے۔یہ جانکاری صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے قانون ساز اسمبلی میں صنعت و حرفت محکمہ کے مطالبات زر پر ہوئی بحث کا جواب دیتے ہوئے دی۔ انہوں نے کہا کہ جن نئے راستوں کی تجویز پیش کی گئی ہے ان میں جموں۔ سیالکوٹ ، چھمب ۔ جوریان سے میر پور ، گریز ۔ استور ۔ گلگت ، جنگر۔ میر پور اور پوٹلی ، ترتک ۔گپھالو ، کرگل ۔ سکردو اور ٹیٹوال ۔ چلہن شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ کرگل ۔ اسکرودراستے پر ہندر من اور ترتک ۔گپھالو راستے پر ایک میٹنگ پوائنٹ کی بھی ریاستی حکومت نے تجویز رکھی ہے ۔وزیر نے کہا کہ چکاں داباغ ، پونچھ اور سلام آباد اوڑی میں بالترتیب 10.41کروڑ روپے اور 10.73کروڑ روپے کی لاگت سے ٹریڈ فسیلٹیشن مراکز پر بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 21مزید اشیاء کو ایگریڈ لسٹ آف ٹریڈیبل ایٹمز میں شامل کرنے سے متعلق منصوبہ بھی مرکزی سرکار کو پیش کیا گیا ہے تاکہ وہ اس معاملے کو حکومت پاکستان کے ساتھ اٹھائی ۔ انہوں نے کہا کہ ایل او سی تجارت کے لئے ایک بینکنگ نظام متعارف کرنے کا معاملہ مرکزی سرکار کے ساتھ اٹھایا گیا ہے