عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//صارفین کے مفادات کے تحفظ اور لیگل میٹروولوجی ایکٹ اور پیٹرولیم قوانین کے مطابق عمل کو یقینی بنانے کی کوششوں کے تحت محکمہ لیگل میٹروولوجی نے کل وادی میں پیٹرول پمپوں پر چھاپے ڈالے اور ایک دن میں 30 غیر مجاز پیٹرول پمپ سیل کئے گئے۔ لیگل میٹروولوجی محکمہ کی کنٹرولر انورا دھا گپتاکی نگرانی میں 30 آٹ لیٹس کو سیل کر دیا جو لیگل میٹروولوجی ایکٹ 2009 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل فروخت کر رہے تھے۔ کنٹرولر لیگل میٹروولوجی کی جانب سے ایک خصوصی حکم کے ذریعے چھاپہ پار ٹیمیں تشکیل دی گئیںجنہوں نے آج بڑے پیمانے پر معائنہ مہمات کیں۔ بڈگام، بانڈی پورہ، بارہمولہ، پلوامہ، شوپیاں، سری نگر اور اننت ناگ میں ان تمام یونٹس کو سیل کر دیا گیا۔ ان پمپ مالکان یا آپریٹرز کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور لیگل میٹروولوجی ایکٹ اور پیٹرولیم قوانین کی متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی جاری ہے ۔دورانِ معائنہ یہ معلوم ہوا کہ یہ غیر قانونی فیول آٹ لیٹس اہم قانونی اور ضوابطی معیار کی خلاف ورزی کر رہے تھے، جن میں غیر تصدیق شدہ نوزلز کا استعمال اور پیمائشی آلات میں چھیڑ چھاڑ شامل تھی۔ یہ بھی دیکھا گیا کہ یہ فیول ڈسپینسنگ یونٹس آئل مارکیٹنگ کمپنیز یا پیٹرولیم اور سیفٹی آرگنائزیشن سے کسی قسم کی اجازت کے بغیر کام کر رہے تھے اور صارفین کو فراہم کیے جانے والے پیٹرول یا ڈیزل کی مقدار کو لیگل میٹروولوجی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کسی تصدیق کے بغیر ہی دیا جا رہا تھا۔انورا دھا گپتا کے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا کہ وادی کشمیر میں مختلف آٹ لیٹس سیکشن 24، سیکشن 12، سیکشن 30 اور سیکشن 26 لیگل میٹروولوجی ایکٹ 2009 کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، جو نہ صرف صارفین کے مفادات کے خلاف ہے بلکہ عوامی تحفظ کے لیے بھی سنگین خطرہ پیدا کرتے ہیں کیونکہ وہ پیٹرولیم اور سیفٹی آرگنائزیشن کی مطلوبہ حفاظتی معیار کے بغیر کام کر رہے ہیں۔انورا دھا گپتا نے کہا’لیگل میٹروولوجی کو صارفین کی جانب سے کم مقدار میں ڈلیوری اور زیادہ قیمت وصولی کی شکایات موصول ہو رہی تھیںجبکہ کئی غیر قانونی طور پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسی مہمات جاری رہیں گی تاکہ قانون کی پابندی کو یقینی بنایا جا سکے اور مستقبل کی خلاف ورزیوں کو روکا جا سکے۔ادھر شوپیان میں صارفین نے شکایت کی کہ ترکہ وانگام میں قائم پیٹرول پمپ میں لازمی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے ۔لوگوں نے محکمہ کو اس جانب توجہ دینے کی اپیل کی ہے جبکہ علاقہ کے متعدد پمپ میں مفت ہوا اور دیگر سہولیات بھی دستیاب نہ ہونے کی شکایت ہے۔