راجوری //جموں و کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم نے چھ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر احتجاجی کلینڈر جاری کیاہے ۔راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فورم کے ریاستی جنرل سیکریٹری جہانگیرعالم خان نے کہاکہ فورم نے اس بات کا فیصلہ کیاہے کہ اگلے ہفتے تنخواہوں کے معاملے پر احتجاج شروع کیاجائے گا۔ان کاکہناتھاکہ وزیر برائے تعلیم سید الطاف بخاری نے یقین دلایاتھاکہ مارچ کے اواخر تک تنخواہیں واگزار کردی جائیںگی لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہو اور وہ اب احتجاج کرنے پر مجبور ہوئے ہیں کیونکہ حکومت تاخیری حربے اپنارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ دس اور گیارہ اپریل کو اساتذہ سکولوں کو بند کریںگے جبکہ سترہ اپریل کو کالی پٹیاں پہنیںگے اور سکولوں پر کالے جھنڈے لہرائے جائیںگے۔انہوںنے مزید بتایاکہ انیس اپریل کو سبھی اساتذہ پریس کالونی سرینگر سے ڈائریکٹر دفتر کشمیر کی طرف مارچ کریںگے ۔