جموں// پولیس نے ہفتہ کوتریکوٹہ نگر میں5افراد کو 2.15 کروڑ روپے کے کم معیار ہندوستانی کرنسی نوٹوں کے ساتھ گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایس ایس پی جموں، چندن کوہلی نے بتایا کہ پولیس نے ایک ایس کراس گاڑی کو روکا جس کا رجسٹریشن نمبر HR26-CQ/8653 تھا جب وہ کرگل کالونی سے بھٹنڈی موڑ کی طرف جارہی تھی۔گاڑی کی تلاشی کے دوران، انہوں نے بتایا کہ کرگل کالونی، بھٹنڈی کے قریب سے پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار افراد کی شناخت نذیر احمد ولد محمد جبار ساکن برزلہ سرینگر، ریاض احمد ولد عبدالغنی ساکنہ شیخ ہارپلوامہ، محمد نعیم اللہ ولد محمد ظہیر الحق ساکن دوارکا نئی دہلی ، منظور احمد ولد غلام محمد ساکن نشاط سرینگر اور باسط ولد غلام حسین ساکن شوپیان کے طور پر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ “پولیس پارٹی نے گاڑی کی مناسب تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے پانچ لاکھ روپے کے ہندوستانی کرنسی نوٹوں کے ساتھ تین چیک بک اور تقریباً 2.15 کروڑ کم معیار کے ہندوستانی کرنسی نوٹ برآمد کئے۔”اس سلسلے میں پولیس نے بتایا کہ ایف آئی آر نمبر/2023 71 کے تحت قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔