عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//جموں و کشمیر پولیس نے راجوری ضلع میں تقریباً 51 لاکھ روپے سے زیادہ کی مالیت کی تین منقولہ جائیدادیں ضبط کی ہیں کیونکہ مذکورہ جائیدادیں غیر قانونی طریقوں سے حاصل کی گئی تھیں اور منشیات کی تجارت سے حاصل کی گئی تھیں۔پولیس نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ تھانہ نوشہرہ کی ایک ٹیم نے تین گاڑیاں منسلک کی ہیں جن میں ایک ڈمپر ٹرک، ایک مہندرا پک اپ بولیرو (منی لوڈ کیرئیر) اور ایک موٹر سائیکل شامل ہے جن کی مالیت تقریباً 51 لاکھ ہے۔یہ گاڑیاں بدنام زمانہ منشیات فروشوں کی ہیں جن میں سکھویندر سنگھ ولد بابو رام، نوین کمار ولد موتی رام اور دیویندر کمار ولد راجیش کمار، سبھی ساکن سہر مکری، بھوانی ہیں۔جائیدادوں کو این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کے سیکشن 68-ایف کے تحت منسلک کیا گیا ہے۔تینوں کو منشیات کی ایک بڑی برآمدگی کے بعد گرفتار کیا گیا جو پولیس نے مقامی لوگوں کی مدد سے نوشہرہ کے علاقے سحر مکری میں ایل او سی کے قریب کی تھی اور کراس ایل او سی سمگلنگ ریکیٹ کا پردہ فاش کیا گیا تھا۔پولیس نے کہا کہ ایف آئی آر نمبر 36/24 زیردفعہ8/21/23/25/29 این ڈی پی ایس ایکٹ میں تفتیش کے دوران مذکورہ منقولہ جائیدادیں منشیات اور غیر قانونی طریقوں سے حاصل کی گئی ثابت ہوئی ہیں۔ مذکورہ جائیداد این ڈی پی ایس ایکٹ کے U/68F کے تحت منسلک کیا گیا ہے۔ایس ڈی پی او نوشہرہ کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم کے ساتھ ایس ایچ او نوشہرہ اور آئی/سی پولیس پوسٹ بھوانی نے قانون کے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق جائیداد کو ضبط کر لیا۔